ہند ۔ چین کور کمانڈروں کی میٹنگ میں تعطل برقرار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
ہند ۔ چین کور کمانڈروں کی میٹنگ میں تعطل  برقرار
ہند ۔ چین کور کمانڈروں کی میٹنگ میں تعطل برقرار

 

 

نئی دہلی : ہندستان اور چین کے مابین مشرقی لداخ میں گزشتہ دو برس سے جاری فوجی تعطل کو دور کرنے کیلئے ہوئی کور کمانڈروں کی میٹنگ میں ٹکراو کے باقی تمام امور پر رضامندی نہیں ہوسکی اور ان امور پر دونوں فریقین کے مابین تعطل برقرار ہے۔

دونوں افواج کے کور کمانڈروں کی 15ویں راونڈ کی بات چیت جمعہ کو ہندستانی سرحد چشول مولڈو علاقہ میں ہوئی۔ تقریباً 12گھنٹے تک چلی بات چیت میں صرف اس پر اتفاق رائے ہوا کہ دونوں فریق ٹکراو کے باقی امور کو جلد حل کرنے کیلئے سفارتی اور فوجی سطح پر بات چیت جاری رکھیں گے۔

وزارت دفاع نے سنیچر کو بات چیت کے بارے میں ایک مشترکہ بیان جاری کرکے کہاکہ دونوں فریقین نے گزشتہ 12جنوری کو ہوئی 14ویں راونڈ کی بات چیت کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے مغربی سیکٹر میں اصل کنٹرول لائن سے ملحق علاقہ میں ٹکراو کے باقی امور کو حل کرنے کے لئے بات چیت کی۔ انہوں نے متعلقہ امور کو حل کرنے کے لئے اپنے اپنے ملک کے لیڈروں کی طرف سے مقرر کردہ رہنمائی کے تحت تفصیل سے خیالات کا تبادلہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان امور کے حل ہونے سے مغربی سیکٹر میں اصل کنٹرول لائن پر امن اور دوستانہ ماحول کی بحالی اور دو طرفہ تعلقات کو پٹری پر لانے میں مددملے گی