ہندوستان 2023: جی 20کا میزبان اور سب سے بڑی آبادی والا ملک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 31-12-2022
ہندوستان 2023: جی 20کا میزبان اور سب سے بڑی آبادی والا ملک
ہندوستان 2023: جی 20کا میزبان اور سب سے بڑی آبادی والا ملک

 

 

 منصور الدین فریدی : آواز دی  وائس

ہندوستان نئے سال پرنئے عزائم کے ساتھ نیا کردار نبھانے کو تیار نظر آرہا ہے۔ یہ کردار سفارتی ہوگا ،سیاسی ہوگا اور خطے کے قائد کے ساتھ دنیا میں ایک مثبت طاقت کا ہوگا ۔ جب ہم 2023 میں قدم رکھ رہے ہیں تو ہر سطح پر چیلنجوں کا سامنا ہے۔ لیکن یہ ایسے چیلیج ہیں جو ہندوستان کا دنیا میں قد اور وزن دونوں بڑھا دیں گے ۔ ہندوستان کو ایک نئے کردار میں ابھرنے کا موقع دیں گے۔ ہندوستان کے لیے دو بڑی اہم خبریں ہیں۔ اول تو ملک جی ۲۰ کی میزبانی کرے گا اور دوسراآبادی کی دوڑ میں ہندوستان اس سال چین کو پچھاڑ دے گا ۔

جی 20کی میزبانی ۔ ایک اعزاز 

جی 20سربراہی اجلاس کی میزبانی 2024 میں ہونے والے عام انتخابات سے چند ماہ قبل عالمی سطح پر ہندوستان کے عروج کی سب سے بڑی تصویر کشی ہوگی۔ حالیہ برسوں میں جی ۲۰دنیا کے سب سے بڑے بین حکومتی فورم کے طور پر ابھرا ہے، جس میں ترقی یافتہ اور ترقی پذیر دونوں ممالک شامل ہیں۔ یہ بلاک ایسی معیشتوں کی نمائندگی کرتا ہے، جو عالمی جی ڈی پی کا 80 ًفیصد بنتی ہے، اس کی تجارت کا تقریباً 75 فیصد اور آبادی کا تقریبا 60 فیصد احاطہ کرتا ہے۔

عالمی تنظیموں اور طاقتور ور ممالک کے فورم میں ہندوستان کی شراکت ایک خوش آئند خبر اور ہندوستان کے بڑھتے قدم کا  ثبوت ہے۔ یاد رہے کہ  جی 20 ممالک کا اجلاس ہر سال ہوتا ہے اور اس کے اختتام کے ساتھ ہی مشترکہ اعلامیہ کے ذریعے آئندہ سال کے لیے میزبان اور سربراہ کا اعلان کر دیا جاتا ہے۔   جی 20 میں سعودی عرب، ارجنٹائن، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا،چین، جرمنی، ہندوستان، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، میکسیکو، روس، جنوبی افریقا، جنوبی کوریا، ترکی، برطانیہ، فرانس، امریکا اور یورپی یونین کے تحت قائم یورپی کونسل شامل ہے

دراصل ابتک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے دو سال کے لیے غیر مستقل رکن کے طور پر، ہندوستان نے اپنے خیالات کو پیش کرنے اور عالمی بات چیت میں حصہ داری کی کوشش کی۔ یکم دسمبر سے آئندہ برس جی 20 اجلاس کے انعقاد تک ہندوستان سے 200 سے زیادہ ورکنگ گروپوں کے اجلاس کی میزبانی کی توقع کی جا رہی ہے، جو ملک کے مختلف مقامات پر منعقد کی جائیں گی۔ اپنی صدارت کے دوران کچھ اہم چیلنجز کا سامنا بھی ہوگا۔ موسمیاتی بحران میں تیزی آئی ہے، اور یوکرین کا تنازعہ جی 20 میں اتفاق رائے کی کوششوں پر سایہ فگن ہو سکتا ہے۔ اس تنازعے کی وجہ سے بہت سے ممالک کو بڑھتے ہوئے قرضوں، غربت، خوراک اور توانائی کے بحران کا بھی سامنا ہے۔ سفارتی میدان میں مہارت سے چلنے کے ساتھ ہی ان چیلنجز سے بھی نمٹنے کے لیے عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششوں کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہو گی۔ بڑی طاقتیں جانتی ہیں کہ دنیا کو درپیش چیلنجز اتنے بڑے ہیں کہ جغرافیائی اور سیاسی تنازعات اور دشمنیوں کو جی 20کے اہم کام کو پٹری سے اتارنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی

750

سب سے بڑی آبادی والا ملک

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان آئندہ برس ہی چین کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی آبادی والا ملک بن جائے گا۔ عالمی آبادی کی رفتار کافی سست ہوئی ہے اور سن 2020 میں اس کی رفتار ایک فیصد سے بھی کم رہی۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اس وقت چین اور ہندوستان کی آبادی میں بہت زیادہ فرق نہیں ہے اور 2022 میں ہندوستان کی آبادی جہاں ایک ارب 41 کروڑ کے آس پاس ہے، وہیں چین کی آبادی ایک ارب 42 کروڑ 60 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ اقوام متحدہ کی جاری کردہ اس رپورٹ کے مطابق جس رفتار سے ہندوستان کی آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے اس کے مد نظر امکان اس بات کا ہے کہ ہندوستان دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک کے طور پر چین کو پیچھے چھوڑ دے گا۔

چیلنجز اور مواقع ہیں؟

ہندوستان کے لیے جی 20ایک بڑا اعزاز ہی نہیں بلکہ ایک بڑی سفارتی کامیابی ہوگا ۔ لیکن اس کے ساتھ ملک کے سامنے کئی ایسے مسائل ہیں جن کا ابتک کوئی حل نہیں نکل سکا ہے جن میں سے ایک چین کی جارحیت بھی شامل ہے۔ ہندوستان کے لیے بلاشبہ کہیں نہ کہیں چین ایک سرحدی مسئلہ ہوگا۔ حالیہ توانگ تصادم نےہر ہے کہ چین نہ صرف مشرقی لداخ بلکہ دیگر شعبوں میں جمود کو چیلنج کر رہا ہے۔ حالانکہ ہندوستان نے سرحد پر چین کے بل ڈھیلے کردئیے ہیں لیکن چین کے ارادے اور نیت ہمیشہ مشکوک رہے۔ جیسا کہ چین خود کو ایک سپر پاور کے طور پر دیکھتا ہے ، ہندوستان کے ساتھ مزید تصادم اور مسابقتی مفادات کا امکان ہے، جسے مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہو گا۔

 دوسری جانب  ہندوستان اور روس کے تعلقات ہمیشہ سے مضبوط رہے ہیں ۔ جبکہ روس پچھلی سات دہائیوں سے دفاعی سازوسامان کا ایک قابل اعتماد سپلائر رہا ہے، اور امریکا، فرانس اور اسرائیل سمیت دیگر ممالک میں تنوع کے باوجود، اس کا اب بھی میدان میں غلبہ ہے۔ لیکن یہ روس-یوکرین جنگ کی وجہ سے پیچیدہ ہو گیا ہے، جہاں روسی آلات کے بھروسہ پر سوالیہ نشان لگ رہا ہے اور سپلائی چین کے دباؤ کا شکار ہے۔ ہندوستان کے لیے چین سب سے بڑی پریشانی کا باعث رہا ہے اور ہندوستان کو تشویش کی بات یہ ہے کہ روس کے چین کے ساتھ تعلقات اس کے بعض فیصلوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

سرد جنگ کے بعد کے دور میں اقتصادی تعلقات نے چین اور روس کے تعلقات کے لیے نئی اسٹریٹجک بنیاد تشکیل دی ہے۔ چین روس کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور روس میں ایشیا کا سب سے بڑا سرمایہ کار ہے۔ جنگ کے بعد روس کی طرف مغرب کا رویہ ماسکو کو چین کے بہت قریب لے آیا ہے۔ دہلی کی کوشش ہوگی کہ وہ روس اور مغرب دونوں کے ساتھ مشغول رہے اور اپنے دفاعی اور قومی سلامتی کے مفادات کو اولین ترجیح دے۔ ہندوستان کے سستے تیل کی خریداری اور روس کے خلاف مغرب میں شامل نہ ہونے کے بعد، ہندوستان کو یورپی اور امریکی شراکت داروں کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے کام کرنا ہو گا۔

ہندوستان کے سامنے ایک بڑا مسئلہ پڑوس کا چیلنج بھی ہے۔ جہاں سری لنکا نئے سال میں ہندوستان کی انسانی، مالی اور سیاسی توجہ کا مطالبہ کرتا رہے گا، وہیں ہندوستان مالدیپ میں سیاسی بات چیت کا حصہ بھی بنے گا۔ مالدیپ میں ستمبر 2023 میں انتخابات ہونے والے ہیں جس میں ہندوستان خود کو بڑے بھائی کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کرے گا - بنگلہ دیش بھی 2023 میں انتخابی موڈ میں ہوگا، شیخ حسینہ کے آہنی ہاتھوں سے چلنے والے دور کے بعد جنوری 2024 میں انتخابات ہونے والے ہیں۔ نیپال میں واقعات کا ایک ڈرامائی موڑ دیکھنے میں آیا، جس میں باغی سے سیاست دان بنے پشپا کمل دہل 'پراچندا' وزیر اعظم بن گئے ۔ابتک سابق وزیر اعظم کے پی اولی ہندوستان کے حامی مانے جاتے تھے یہ ہندوستان کے لیے ایک اہم چیلنج کا باعث بنے گا، جس نے حالیہ برسوں میں کھٹمنڈو میں بیجنگ کا اثر و رسوخ بڑھتا ہوا دیکھا ہے۔ پاکستان میں انتخابات 2023 کے آخر میں ہونے والے ہیں۔