ہند-فجی تعلقات باہمی احترام اورمضبوط رشتوں پرمبنی ہیں: مودی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-04-2022
ہند-فجی تعلقات باہمی احترام اورمضبوط رشتوں پرمبنی ہیں: مودی
ہند-فجی تعلقات باہمی احترام اورمضبوط رشتوں پرمبنی ہیں: مودی

 


آواز دی وائس،نئی دہلی

 وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کہا کہ ہندوستان اور فجی تعلقات کی مشترکہ وراثت انسانیت کی خدمت کے جذبے پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا، "ان اقدار کی بنیاد پر ہندوستان نے وبائی امراض کے دوران اپنی ذمہ داریاں پوری کیں۔ ہم نے 150 ممالک کو دوائیں اور تقریباً 100 ممالک کو تقریباً 100 ملین ویکسین فراہم کیں۔ ایسی کوششوں میں فجی کی ہمیشہ ترجیح رہی ہے۔

وزیر اعظم مودی نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے فجی میں سری سری ستھیا سائی سنجیوانی اسپتال کے افتتاح کے موقع پر خطاب کیا۔

وزیر اعظم مودی نے اسپتال کے لیے فجی کے وزیر اعظم اور وہاں کی عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسپتال دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی علامت ہے، ہندوستان اور فجی کے مشترکہ سفر کا ایک اور باب ہے۔ چلڈرن ہارٹ اسپتال نہ صرف فجی بلکہ پورے جنوبی بحر الکاہل کے علاقے میں ایک منفرد نوعیت کا اسپتال ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ایک ایسے خطے کے لیے جہاں دل سے متعلق امراض ایک بڑا چیلنج ہیں، یہ اسپتال بچوں کو نئی زندگی دینے کا ذریعہ بن جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ بچوں کو نہ صرف عالمی معیار کا علاج ملے گا بلکہ تمام سرجری مفت کی جائیں گی اور اس کے لیے انہوں نے سائی پریم فاؤنڈیشن، فجی، حکومت فجی اور سری ستھیا سائی سنجیوانی چلڈرن ہارٹ اسپتال آف انڈیا کی تعریف کی۔

وزیر اعظم نے شری ستھیا سائی بابا کی خدمات کو یاد کیا۔ جن کے ذریعے انسانیت کی خدمت کے لیے بویا گیا بیج آج برگد کی شکل میں لوگوں کی خدمت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری ستھیا سائی بابا نے روحانیت کو رسومات سے آزاد کیا اور اسے لوگوں کی فلاح و بہبود سے جوڑ دیا۔ تعلیم، صحت، غریب اور پسماندہ افراد کے لیے ان کے کام آج بھی ہمیں متاثر کرتے ہیں۔

وزیر اعظم مودی نے گجرات زلزلہ کے دوران سائی بھکتوں کی خدمات کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اسے اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں کہ مجھے ستھیا سائی بابا کا مسلسل آشیرواد ملا اور آج بھی مل رہا ہوں۔

وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ دونوں ممالک کو الگ کرنے والے وسیع سمندر کے باوجود، ہماری ثقافت نے ہمیں متحد کیا ہے اور ہمارے تعلقات باہمی احترام اور مضبوط رشتوں پر مبنی ہیں۔

انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ہندوستان کو فجی کی سماجی و اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالنے کا موقع ملا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے فجی کے وزیر اعظم فرینک بینی ماراما کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔