ہندوستان میں اعلیٰ معاشی شرح نمو کے ساتھ مہنگائی پر قدغن: مودی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 09-02-2022
ہندوستان میں اعلیٰ معاشی شرح نمو کے ساتھ مہنگائی پر قدغن: مودی
ہندوستان میں اعلیٰ معاشی شرح نمو کے ساتھ مہنگائی پر قدغن: مودی

 

 

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ کورونا بحران کے باوجود، ہندوستان آج دنیا کی واحد بڑی معیشت ہے جس کی معاشی شرح نمواعلیٰ ہے اور مہنگائی نرم ہے جبکہ امریکہ میں مہنگائی 40 سال اور برطانیہ میں 30 سال کی بلند ترین سطح پر ہے

 مودی نے کہا کہ دنیا کے 19 ممالک میں جہاں یورو کرنسی چلتی ہے، وہاں بھی مہنگائی کی شرح ’تاریخی‘ طور پربلند ترین سطح پر ہےانہوں نے کہا کہ 2014-20 تک ہندوستان میں مہنگائی کی شرح چار سے پانچ فیصد کے درمیان تھی جبکہ اس سے پہلے ترقی پسند اتحاد(یو پی اے) کی حکومت کے دور میں یہ دوہرے ہندسے میں تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مہنگائی کو ایک سطح پر قابو کرنے کی کوشش کی ہے۔ مسٹر مودی راجیہ سبھا میں صدر کے خطاب پر تقریباً 11 گھنٹے تک جاری رہنے والی بحث کا جواب دے رہے تھے۔ اس دوران کانگریس پر تیکھے تبصروں کی مخالفت کرتے ہوئے اس پارٹی کے اراکین نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

وزیراعظم کے جواب کے بعد ایوان نے صدر کے خطاب پر صوتی ووٹ سے اپوزیشن کی تمام 99 ترامیم مسترد کرتے ہوئے شکریہ کی تحریک کو منظور کر لیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج دنیا کی تمام بڑی معیشتیں یا تو اعلیٰ مہنگائی کی شرح یا شرح نمو میں انحطاط کا سامنا کر رہی ہیں لیکن ہندوستان نے معیشت کا بہتر نظم کیا ہے۔

انہوں نے کہا،’ہندوستان واحد بڑی معیشت ہے جو بلند شرح نمو اور معتدل مہنگائی کو برقرار رکھتے ہوئےآگے بڑھنے میں کامیاب ہے‘۔ (ایجنسی)