ہند- نیپال تعلقات: سرحدی فورسز کے درمیان تعاون پر اتفاق

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 08-10-2021
ہند- نیپال تعلقات: سرحدی فورسز کے درمیان تعاون پر اتفاق
ہند- نیپال تعلقات: سرحدی فورسز کے درمیان تعاون پر اتفاق

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

ہندوستان اور نیپال کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والی افواج سرحد پر حالات کو معمول پر رکھنے کے لیے مل کر کام کریں گی۔

یہ معاہدہ جمعرات کو نئی دہلی میں ہندوستان کے ڈائریکٹر جنرل سشاسٹر سیما بال (ایس ایس بی) اور نیپال کے انسپکٹر جنرل آف آرمڈ پولیس فورس (اے پی ایف) کی میٹنگ میں طے پایا۔

دونوں ممالک کے حکام کے درمیان ملاقات گذشتہ 4 اکتوبر2021 سے جاری تھی۔

دونوں ممالک کے سیکورٹی حکام کی ملاقات میں خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ سرحد پر حالات کو معمول پر لانے اور اسمگلنگ کو روکنے کے طریقوں پر بھی بات چیت ہوئی۔

اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں کام کرنے والے جرائم پیشہ گروہوں کی سرگرمیوں کی روک تھام پر بات چیت ہوئی۔

ان کاموں کے لیے دونوں ملکوں کی سکیورٹی فورسز کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے پر زور دیا گیا۔

میٹنگ میں شامل ہندوستانی دستے کی قیادت بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل کمار راجیش چندر اور نیپالی دستے کی قیادت اے پی ایف کے انسپکٹر جنرل شیلندر کھنال نے کی۔ سرحدی معاملے پر اگلی میٹنگ آئندہ برس 2022 میں نیپال میں ہوگی۔

نیپال کی برسراقتدار جماعت نیپالی کانگریس کے رہنماؤں کی تین رکنی ٹیم جمعرات کوہندوستان کے چار روزہ دورے پر پہنچے گی۔

یہ ٹیم نئی دہلی میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور بی جے پی رہنماؤں سے ملاقات کرے گی۔ نیپالی دستے کی قیادت سابق وزیر خارجہ اور نیپالی کانگریس کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری پرکاش شرن مہات کریں گے۔

وہیں ٹیم کے دیگر دو ارکان ادے شمشیر رانا اور اجے چورسیا ہوں گے۔