لداخ میں امام جواد کا یوم ولادت منایا گیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-02-2021
لداخ میں امام جواد کا یوم ولادت منایا گیا
لداخ میں امام جواد کا یوم ولادت منایا گیا

 

 

کارگل: انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کارگل، لداخ نے آج یہاں امام احمد جواد علیہ سلام کے نام سے مشہور حضرت امام محمد تقی علیہ سلام کی ولادت باسعادت منائی۔ امام جواد علیہ السلام امام علی ابن ابو طالب رضی الله عنہ کی نسب میں نویں امام تھے۔ اس پروگرام کا اہتمام جوادیہ پروجیکٹ کیئر اور شعبہ ادب نے مشترکہ طور پر میڈیا سیل اور اے جے یو آئی اے کے لداخ کے المہدی ڈیکوریشنس کے اشتراک سے کیا تھا۔

اس موقع پر نائب صدر اے جے یو آئی اے کے لداخ آغا سید ضیاء الدین مہمان خصوصی تھے ۔ اس موقع پر علماء کونسل کے ممبران اور جوادیہ پروجیکٹ کیئر کے دوسرے بیچ کے طلباء اور ملحقہ علاقوں سے بڑی تعداد میں آئے ہوئے لوگ موجود تھے۔ حاضرین نے شرکت کی اور جوادیہ پروجیکٹ کیئر کی ٹیم کو سراہا۔ پروگرام کے دوران مقررین نے حضرت امام جواد علیہ السلام کی زندگی اور ان کی تعلیمات پر روشنی ڈالی اور بالخصوص ان کے بچپن کے دور میں ان کے سائنسی مباحث کا ذکر کیا۔

امام جواد کو 25 سال کی کم عمری میں شہید کیا گیا تھا اور اے جے یو آئی اے کے لداخ نے اپنی اس کاوش کو (جوادیہ پراجیکٹ کیئر) کو امام جواد علیہ السلام کے نام پر وقف کیا ہے۔ اس موقع پر جوادیہ پروجیکٹ کیئر کے ممبر ڈاکٹر سید علی شاہ نے پاورپوائنٹ پریزنٹیشن پیش کی جس کے دوران انہوں نے پروجیکٹ کیئر کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا ساتھ ہی بیچ کے ان طلباء کا ذکر کیا جنہوں نے پہلی مرتبہ مختلف مسابقتی امتحانات کو کوالیفائی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کارگل، لداخ کی طرف سے ایک مخلص شروعات ہے جس کا مقصد معاشرے کے معاشی طور پر پسماندہ طبقے کے ذہین اور با صلاحیت طلبا کو بااختیار بناتے ہوئے بہترین انسانی وسائل کی شکل میں معاشرے کے لئے اثاثے تیار کرنا ہے۔ سید علی شاہ نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت اب تک چالیس طلباء کے رہائش کے اخراجات کے حوالے سے مدد کی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں طلبا نے براہ راست نگہداشت کے تحت اپنی بارہویں کلاس مکمل کی ہے اور اب وہ ملک کے مختلف ایم بی بی ایس اور بی ٹیک کالجوں میں زیر تعلیم ہیں۔ جبکہ دوسرے مرحلے کے بیس طلباء کو ابھی شامل کیا گیا ہے اور اس منصوبے کی پوری مالی امداد عطیہ دہندگان کے ماہانہ چندہ سے ہوتی ہے۔

سید علی شاہ نے اے جے یو آئی اے کے کی طرف سے عطیہ دہندگان اور جوادیہ پروجیکٹ کیئر کا شکریہ ادا کیا - پروجیکٹ کیئر کے مستقبل کے منصوبے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مستحق طالب علموں کو مالی طور پر اپنا کر ان کی حمایت کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ آغا سید ضیاءالدین نے جوادیہ پروجیکٹ کیئر کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی محنت کی وجہ سے پہلے بیچ نے انجینئرنگ اور ایم بی بی ایس کورسیز کے لئے مختلف نامور کالجوں میں داخلہ لے کر اپنی صلاحیتوں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے عوام کے مفاد کے لئے ضلع میں مختلف مذہبی اور سماجی سرگرمیوں کے انعقاد کے دوران اے جے یو آئی اے کے کی مختلف شاخوں کے مابین کوآرڈینیشن کو بھی سراہا۔ اس موقع پر اے جے یو آئی اے کے کے شعبہ ادب نے نے تقاریر ، اشاعت اور منقبتیں سمیت مختلف ثقافتی سرگرمیوں سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ بعدازاں انہوں نے ملک میں امن و ہم آہنگی کی دعا کرتے ہوئے پروگرام کا اختتام کیا۔