غیرقانونی کانکنی:جھارکھنڈ،بہار،دہلی میں17 مقامات پر چھاپے

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 24-08-2022
غیرقانونی کانکنی:جھارکھنڈ،بہار،دہلی میں17 مقامات پر چھاپے
غیرقانونی کانکنی:جھارکھنڈ،بہار،دہلی میں17 مقامات پر چھاپے

 

 

نئی دہلی/پٹنہ: مرکزی تفتیشی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم جھارکھنڈ اور بہار میں چھاپے مار رہی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ٹیم کی طرف سے تقریباً 17 مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یہ کاروائی جھارکھنڈ-بہار میں غیر قانونی کانکنی سے متعلق معاملے میں کی جا رہی ہے۔

دراصل، گرفتار ملزم پنکج مشرا سے پوچھ گچھ کے دوران جانچ ایجنسی کو کئی ان پٹ ملے تھے۔ یہ چھاپے پنکج مشرا سمیت کئی دیگر ملزمین سے ملی اطلاعات کی بنیاد پر مارے جا رہے ہیں۔ تمل ناڈو، بہار، جھارکھنڈ سمیت دہلی-این سی آر میں چھاپے مارے گئے ہیں۔

ای ڈی کی جانچ اس وقت شروع ہوئی جب ایجنسی نے مشرا اور اس کے مبینہ ساتھیوں پر 8 جولائی کو چھاپہ مارا۔ ای ڈی نے مشرا اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد مارچ میں چھاپے مارے تھے۔

 

جولائی کے چھاپوں کے فوراً بعد ای ڈی نے 50 بینک کھاتوں میں پڑی 13.32 کروڑ روپے کی رقم ضبط کر لی تھی۔ ایجنسی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ "تحقیقات کے دوران جمع کیے گئے شواہد، جن میں مختلف افراد کے بیانات، ڈیجیٹل شواہد اور دستاویزات شامل ہیں،ان سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ضبط کی گئی نقدی یا بینک بیلنس جنگلاتی علاقے بشمول صاحب گنج کے علاقے سے حاصل کیا گیا ہے۔

 

ان علاقوں میں بڑے پیمانے پر کان کنی کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب بی جے پی لیڈر نشی کانت دوبے نے کل ایک ٹویٹ میں اشاروں میں چھاپے کی اطلاع دی تھی۔ نشی کانت دوبے نے ٹویٹ کیا اور لکھا، اب آپ کا کیا ہوگا؟ کل جھارکھنڈ میں ایک نئی صبح ہوگی، آخر کار اگست کا انقلاب شروع ہوگا، شکریہ ان لوگوں کا جنہوں نے میری باتوں کا مذاق اڑایا، تمہاری وجہ سے اپنی پریشانیوں اور غموں کو دھوئیں میں اڑاتے رہے۔

دوسری طرف، آج چھاپے مارے جانے کے بعد، نشی کانت دوبے نے ایک ٹویٹ میں لکھا، جھارکھنڈ میں دلالوں کے سرغنہ پریم پرکاش جی کے 20 ٹھکانوں پر ای ڈی کے چھاپے، بہت سارے سرکاری لین دین کی معلومات، میں نے کہا ہے کہ اگست نہیں گزرے گا۔