سپریم کورٹ میں عجب معاملہ’میں اپنی ماں سے بات نہیں کرنا چاہتا‘

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
سپریم کورٹ میں عجب معاملہ’میں اپنی ماں سے بات نہیں کرنا چاہتا‘
سپریم کورٹ میں عجب معاملہ’میں اپنی ماں سے بات نہیں کرنا چاہتا‘

 

 

نئی دہلی: اپنے "غمناک بچپن" کو یاد کرتے ہوئے، ایک شخص نے پیر کو سپریم کورٹ میں کہا، "مجھے مارا پیٹا گیا۔ میں گھنٹوں بیت الخلا (باتھ روم) میں بند رہا۔ میں اپنی ماں سے بات نہیں کرنا چاہتا۔"

اس شخص کے والدین الگ رہتے ہیں اور دو دہائیوں سے طلاق کے معاملے میں الجھے ہوئے ہیں۔ جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس سوریا کانت نے کمرے میں 45 منٹ سے زیادہ وقت تک والدین اور بیٹے سے بات کر کے اس شخص کو اپنی ماں سے بات کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔

سپریم کورٹ ایک ازدواجی تنازعہ کیس کی سماعت کر رہی تھی جس میں شوہر گزشتہ دو دہائیوں سے اپنی بیوی سے طلاق مانگ رہا ہے اور اس کی بیوی اس کی مخالفت کر رہی ہے۔

جب ماں کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے بنچ سے کہا کہ وہ اسے اپنے بیٹے سے بات کرنے کی اجازت دے کیونکہ وہ اپنے والد کے ساتھ رہتا ہے، جسٹس چندرچوڑ نے بیٹے سے کہا کہ وہ اپنی ماں سے بات کرے۔ عدالت میں ذاتی طور پر موجود 27 سالہ شخص نے عدالت کو بتایا کہ جب وہ سات سال کا تھا تو اس کی ماں اسے مارتی تھی اور اسے باتھ روم میں بند کر دیتی تھی

۔ اپنے دردناک بچپن کو یاد کرتے ہوئے بیٹے نے کہا، ’’اپنی ماں سے بات کرنے سے میری دردناک یادیں تازہ ہو جائیں گی۔ کونسی ماں اپنے سات سالہ بیٹے کو مارتی ہے؟ جب وہ باہر جاتی تو میں گھنٹوں باتھ روم میں بند رہتا۔ میرے والد نے کبھی مجھ پر ہاتھ نہیں اٹھایا۔‘‘

والدہ کے وکیل نے کہا کہ بیٹا ایک سوچی سمجھی کہانی سنا رہا ہے اور ایسا کچھ نہیں ہوا۔ بنچ نے کہا کہ وہ 27 سالہ نوجوان ہے، اس کی اپنی سمجھ ہے اور اسے اچھی طرح سے سوچی سمجھی کہانی سنانے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔

شوہر کی جانب سے وکیل ارچنا پاٹھک دیو نے کہا کہ بچے کی ماں نے اپنے بیٹے کے تحفظ کے لیے کبھی عدالت سے رجوع نہیں کیا۔

دیو نے کہا کہ ان کا مؤکل صرف یہ چاہتا تھا کہ آرٹیکل 142 کے تحت طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اس تنازعہ کو عدالت سے طے کیا جائے اور طلاق دی جائے۔ اس شخص کی ماں کے وکیل نے کہا کہ وہ طلاق کے داغ کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی۔

جوڑے نے 1988 میں شادی کی اور 2002 میں شوہر نے ظلم کی بنیاد پر طلاق مانگی اور الگ رہنے لگا۔