حیدرآباد: اویسی پر حملے کے خلاف زبردست احتجاج

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 04-02-2022
حیدرآباد: اویسی پر حملے کے خلاف زبردست احتجاج
حیدرآباد: اویسی پر حملے کے خلاف زبردست احتجاج

 

 

حیدرآباد: جمعہ کی نماز کے بعد چارمینار کے سامنے اور مکہ مسجد کے قریب اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج ہوا۔

قبل ازیں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے علاقے کے قریب بھاری سیکیورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا تھا۔

جمعرات کو اتر پردیش میں اویسی کی گاڑی پر فائرنگ کے بعد آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے اراکین نے حیدرآباد میں احتجاج کی کال دی تھی۔

اویسی کی گاڑی پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ اتر پردیش کے ڈاسنا علاقے سے گزر رہے تھے۔

تاہم، چھجراسی ٹول پلازہ کے قریب ہونے والے حملےمیں وہ بال بال بچے۔ اویسی میرٹھ میں انتخابی پروگرام کے بعد دہلی روانہ ہو رہے تھے۔ پرانے شہر حیدرآباد میں کئی لوگوں نے دکانیں بھی بند رکھیں۔

اس واقعے کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے جمعرات، 3 فروری کی شام کو مختلف مقامات پر سیاہ پرچموں کے ساتھ ساتھ اے آئی ایم آئی ایم کے جھنڈے بھی دیکھے گئے۔

اورنگ آباد سے اے آئی ایم آئی ایم ایم پی امتیاز جلیل نے کہا تھا کہ ملک بھر میں اے آئی ایم آئی ایم یونٹس جمعہ کو پرامن احتجاج کریں گے۔

جلیل نے کہا تھا کہ پارٹی ممبران اپنے مقامی ضلع مجسٹریٹوں اور پولیس کمشنروں کو خط لکھ کر واقعہ کی مکمل تحقیقات کے ساتھ ساتھ اویسی کی مستقبل میں اتر پردیش میں ہونے والی ریلیوں کے لیے اعلیٰ سطحی سیکورٹی کی درخواست کریں گے۔