حیدرآباد: اسپتال کے باہر بھی مدد ۔ غریب مریضوں کےلئے کنسنٹریٹرس اور آکسیجن سلنڈرس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-05-2021
ایک بڑا انسانی خدمت مشن
ایک بڑا انسانی خدمت مشن

 

 

شیخ محمد یونس : حیدرآباد

کورونا وائرس کی دوسری لہر نے حیدرآباد میں بھی لاک ڈاون نافذ کرا دیا ہے۔حالات نازک ہیں۔مریضوں کا مسئلہ دن بدن بڑھ رہا ہے،خاص طور پر غریب مریضوں کےلئے علاج ایک مسئلہ ہے۔جو اسپتال کے بجائے گھروں میں ہیں ان کےلئے آکسیجن اور کنسنٹریٹرس کی حصولیابی کسی بڑی جدوجہد سے کم نہیں۔آکسیجن کی قیمت بڑھ رہی ہے یا دستیاب ہی نہیں ہے۔ان حالات میں حیدرآباد میں مختلف تنظیمیں اور ادارے ساتھ ہی کچھ لوگ انفرادی طور پرسرگرم ہیں۔اپنی اپنی سطح ضرورت مندوں کو مدد پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ایسا ہی ایک ادارہ صفا بیت المال ہے جو ادارہ بلا لحاظ مذہب و ملت انسانیت کی بھر پور خدمت انجام دے رہا ہے۔کورونا مریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ ادویہ ' آکسیجن سلنڈرس ' کنسنٹریٹرس اور ایمبولنس کی سہولت مفت فراہم کی جارہی ہے۔

 

awazurdu

امید کی کرن

 کورونا کی وجہ سے غریبوں کا برا حال ہے۔غریب مریض کارپوریٹ دواخانوں میں علاج کروانے سے قاصر رہتے ہیں۔ایسے افراد کیلئے فلاحی کام کرنے والے ادارے اور تنظمیں ہی امید کی کرن ہوتی ہیں۔ بیت المال میں بھی غریبوں کی ضروریات کا پورا پورا خیال رکھا جاتا ہے اور ان کی حتی المقدور مدد کی جاتی ہے۔کورونا سے متاثرہ غریب مریضو ں کی مدد کیلئے صفا بیت المال کی جانب سے 72لاکھ روپے مالیتی زائد از 100 کنسنٹریٹرس اور 50 آکسیجن سلنڈرس کی خریدی عمل میں لائی گئی ہے۔یہ کنسنٹریٹرس اور آکسیجن سلنڈرس ضرورت مند مریضوں کو مفت فراہم کئے جائیں گے۔گزشتہ ایک برس سے صفا بیت المال کی جانب سے کورونا سے متاثرہ مریضوں کی بلا لحاظ مذہب وملت بھر پور اعانت کی جارہی ہے۔

awazurdu

ہیلپ لائن کا قیا م

 کوویڈ 19 سے متاثرہ مریضوں کیلئے میڈیکل ہیلپ لائن قائم کی گئی ہیں۔ جس میں 45 ماہر ڈاکٹرس موجود ہیں۔ڈاکٹرس' گھروں میں کورنٹائن میں رہتے ہوئے علاج کروانے والے مریضوں کی مکمل طبی رہنمائی کرتے ہیں۔اس شعبہ میں 20 والینٹرس ہمیشہ مصروف عمل رہتے ہیں۔ہیلپ لائن کا کال سنٹر نمبر 7306600600 ہے۔صفا بیت المال کی ایمبولنس سرویس بھی موجود ہے۔ مختلف دواخانوں میں بیڈس کی عدم دستیابی سے پریشان حال کورونا مریضوں کی صفا بیت المال کی جانب سے بھر پور مدد کی جارہی ہے۔انہیں نہ صرف آکسیجن سلنڈرس فراہم کئے جارہے ہیں بلکہ ان کی صحت پر بھی متواتر نظر رکھی جارہی ہے۔علاوہ ازیں کورونا سے متاثرہ مریضوں کو پلازما کی فراہمی کیلئے بھی صفا بیت المال خدمات انجام دے رہا ہے۔سائبرآبادکمشنریٹ کے حدود میں صفا بیت المال کے والینٹرس خدمات انجام دے رہے ہیں اور کورونا سے صحت یاب مریضوں کو پلازما کے عطیہ کیلئے راغب کررہے ہیں۔

awazurdu

آکسیجن کی کمی اور کنسنٹریٹرس کی ضرورت

 میڈیکل ہیلپ لائن 24 گھنٹے خدمات انجام دے رہی ہے۔تا حال 4500 کوویڈ مریضوں کے گھر پر علاج میں بھر پور تعاون کیا گیا۔روزآنہ ہیلپ لائن نمبر پر آکسیجن سلنڈرس کیلئے 200 سے زائد فون کالس موصول ہورہے ہیں۔صفا بیت المال کے صدر مولانا غیاث احمد رشادی نے بتایا کہ اہل خیر حضرات کے تعاون سے کنسنٹریٹرس اور آکسیجن سلنڈرس کی خریدی عمل میں لائی گئی ہے، کورونا کے کیسس میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے۔ایسے حالات میں غریب مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔غریب مریض علاج کروانے سے بھی قاصر رہتے ہیں۔غریبوں کی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے آکسیجن سلنڈرس اورکنسنٹریٹرس کی خریداری عمل میں لائی گئی ہے۔ کورونا سے صحت یاب افراد کو پلازما کا عطیہ دینے کیلئے بھی تیارکیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ صفا بیت المال کے پاس بہترین ڈاکٹرس کی ٹیم موجود ہے۔

 صفا بیت المال صفا بیت المال مختلف تنظیموں کے تعاون سے شہر میں کورنٹائن مراکز کے قیام کیلئے بھی اقدامات کررہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسٹاک کی دستیابی کی بنیاد پر بغیر ڈپازٹ کے آکسیجن سلنڈرس غریبوں کو گھروں تک مفت فراہم کئے جائیں گے۔۔