ہما تنویر: ایشیا کی 100 بااثر خواتین میں سے ایک

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
ہما تنویر: ایشیا کی 100 بااثر خواتین میں سے ایک
ہما تنویر: ایشیا کی 100 بااثر خواتین میں سے ایک

 

 

سراج انور/پٹنہ

تین ریاستوں یعنی بہار، اتر پردیش اور جموں و کشمیر کے لوگ ہما تنویر پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ہما کو ایشیا کی 100 بااثر خواتین کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ ہما کا تعلق بہار سے ہے، وہ اتر پردیش میں پیدا ہوئیں اور جموں و کشمیر میں شادی کی، تینوں ریاست کے لوگ ہما تنویر پر فخر کر رہے ہیں۔

ہما تنویر کی والدہ نگار پروین ایک گھریلو خاتون ہیں، جب کہ ان کے والد تنویر عالم مغل سرائے میں چیف انسپکٹر آف ٹکٹس (سی آئی ٹی) کے عہدے پرفائز ہیں۔ ہما تنویر بین الاقوامی سطح پر معروف مصنفہ ہیں۔ہما تنویر کی 6کتابیں امریکہ، انگلینڈ اور جرمنی میں شائع ہو چکی ہیں۔ پچھلے سال ان کی ساتویں کتاب ہندوستان میں شائع ہوئی تھی۔ ہما کو امریکن یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے لیکچررز کلب نے 8 مارچ2022 کو خواتین کے عالمی دن پر لیکچر دینے کے لیے مدعو کیا ہے۔

 بااثر خواتین ایوارڈ 2021

ایشیا کی ٹاپ 100 بااثر خواتین ایوارڈز2021 کے لیے پرچہ نامزدگی کی شروعات ستمبر میں ہوئی، جس میں ایشیا بھر سے 300 سے زیادہ درخواستیں وصول ہوئیں۔  سلیکشن کمیٹی نے مختلف پیشوں، ممالک اور کمیونٹیز سے سرفہرست 100 بااثر خواتین کا انتخاب کیا۔ ہما تنویر کو مصنف کے طور پر منتخب کیا گیا۔ سو منتخب خواتین کے نام کا اعلان ایک ورچوئل تقریب میں مہمان خصوصی ہیرانشی شاہ ایسوسی ایٹ ممبر آف چارٹرڈ انسٹی ٹیوٹ آف آربیٹریٹرز(برطانیہ) کی موجودگی میں کیا گیا۔ ایوارڈ کی تقریب کا اہتمام کراؤن ٹائمز کی تنظیم نے کیا تھا۔

awaz

ہما تنویر کو ملے ایوارڈ کی سند

خیال رہے کہ ہما تنویر 19 سال کی عمر میں جرمنی کے لیمبرٹ پبلشنگ ہاؤس کے ساتھ کتاب کے دو معاہدے کرنے والی کم عمر ترین بین الاقوامی مصنفہ بھی  بن گئیں ہیں۔

ہما کا لیکچر امریکہ میں ہوگا

ہما کو امریکہ میں وومن انٹرپرینیورشپ پر لیکچر دینا ہے۔ ہما کی اسی ٹائٹل والی کتاب جرمنی کی اشاعتی تنظیم لیمبرٹ اکیڈمک پبلشنگ نے2011 میں شائع کی ہے۔انہیں امریکہ سمیت یورپ کے کئی ممالک میں پروموٹ کیا گیا۔

سنہ 2010 میں پہلی بار ہما ​​تنویر کے ایک مضمون کو دہلی میں لیمبرٹ اکیڈمک پبلشنگ کے زیر اہتمام بین الاقوامی سیمینار میں بہترین قرار دیا گیا تھا۔ اس میں کئی یونیورسٹیوں کے مصنفین نے شرکت کی تھی۔ ہما کا یہ مضمون لیمبرٹ نے خواتین کو بااختیار بنانے، سماجی اور متنازعہ مسائل پر ایک کتابچے کے طور پر شائع کیا تھا۔ سنہ2011 میں ہما کی مزید دو کتابیں شائع ہوئیں۔

خواتین کو بااختیار بنانے پر خاص توجہ

اپنی کتابوں میں ہما تنویر نے ترقی پذیر ممالک بالخصوص ایشیائی ممالک میں خواتین کے استحصال اور معاشرے میں ان کے کمزور مقام پر روشنی ڈالی ہے، اس کے ساتھ ہی خواتین کی اس حالت کو بدلنے کے لیے انٹرپرینیورشپ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس نکتے پر زور دیا ہے۔ صرف معاشی خود انحصاری ہی خواتین کی حالت بدل سکتی ہے۔

awaz

ہما تنویر ترقی کی طرف گامزن

ہما کی کتاب (How to Become Rich) پر دہلی کے مشہور پبلشر پستک محل نے جلد ہی ہندی شائع کرنے سے متعلق ہما کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ ہما کی شائع کردہ  کتابیں Motivational Books کے زمرے میں ہیں۔ ان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ان کی رکاوٹوں کو توڑنے اور انٹرپرینیورشپ کی طرف بڑھنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

ہما تنویر نے بتایا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسی کتابیں لکھنا چاہتی ہیں۔ کیونکہ ایسی کتابوں کی اشد ضرورت ہے جو معاشرے میں خواتین کی حالت  سنوارنے مدد کرے۔

بین الاقوامی قارئین کے عزیز مصنفہ

ہما تنویر بہت سے ہندوستانی اور بین الاقوامی قارئین کی عزیز رہی ہیں۔29 سالہ ہما تنویر نے چھ سالوں میں سات بیسٹ سیلر لکھے ہیں۔ان کی کچھ کتابیں درج ذیل ہیں:

How to Be Rich

The Art of Loveing

Body Language

A Microcosm of Our Self and Soul

ان کی تمام کتابیں دلچسپی سے پڑھی جا رہی ہیں۔ انہوں نے حال میں ایک ناولHe Loved Me Enough to Let Me Go لکھا ہے۔ اس میں کشمیر میں مقیم ’ایان‘ کی کہانی بیان کی گئی ہے، جو اپنے تکلیف دہ ماضی پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔جب ہما تنویر کی عمر صرف 19 برس تھی، ان کی پہلی کتاب ’دی سوشل اینڈ کنٹرورشیل ایشوز‘ شائع ہوئی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے ہو ٹو بیکیم رچ، وومن انٹرپرینیورشپ، اے مائیکرو کاسم آف ہماری سیلف اینڈ سول، آرٹ آف لونگ، باڈی لینگویج وغیرہ تحریر کیں۔

ہما تنویر کون ہیں؟

ہماکے والد تنویرعالم بہار کے ضلع بھبوا کے وارڈ نمبر 16 کے رہنے والے ہیں۔ اس وقت وہ مغل سرائے ریلوے میں ڈپٹی سی آئی ٹی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ ان کی اکلوتی بیٹی ہما ہے، انھوں نے بنارس ہندو یونیورسٹی سے ٹریول اینڈ ٹورازم ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرڈ کی ڈگری حاصل کی ہے۔ ان کی شادی جموں و کشمیر میں ہوئی ۔ انہوں نے قومی دارالحکومت دہلی میں ایک آئی ٹی فرم میں بھی کچھ دن کام کیا ہے۔ فی الوقت ہما نئی دہلی میں رہتی ہیں اور ایک ڈیجیٹل مارکیٹنگ مینیجر کے طور پر کام کرتی ہیں۔ ان کی کامیابی پران کے اہل خانہ میں خوشی کی لہر ہے۔

ہما تنویرکی کامیابی بتاتی ہے کہ خواتین اب کسی بھی شعبے میں پیچھے نہیں ہیں۔ ضرورت ہے کہ خواتین کو ان کے میدان میں کام کرنے کا موقع دیا جائے۔ اگر انہیں موقع دیا جاتا ہے تو وہ بہت جلد اپنا ایک منفرد مقام بنا لیتی ہیں۔