دہلی میں زبردست طوفان :بجلی کی سپلائی اور پروازوں میں رخنہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-05-2022
دہلی میں زبردست طوفان :بجلی کی سپلائی اور پروازوں میں رخنہ
دہلی میں زبردست طوفان :بجلی کی سپلائی اور پروازوں میں رخنہ

 

 

نئی دہلی: قومی دارالحکومت (دہلی) کا موسم پیر کی صبح خوشگوار ہو گیا۔ دہلی کے کئی حصوں میں صبح سویرے بارش ہوئی جس سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملی۔ گزشتہ دو تین روز سے شام کے وقت گرج چمک اور بوندا باندی ہوئی۔ لیکن پیر کی صبح اچانک آسمان پر سیاہ بادل چھا گئے اور بارش ہونے لگی۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پہلے ہی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

۔آئی ایم ڈی نے ٹویٹ کیا، "اگلے 2 گھنٹوں کے دوران دہلی-این سی آر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ 50-80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے

پری مانسون کا اثر پورے شمالی ہندوستان میں نظر آنے لگا ہے۔ دہلی میں 23 مئی کو کم سے کم درجہ حرارت 17.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ یہ گزشتہ دہائی کے دوران ریکارڈ کیا گیا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔ اس سے قبل 2 مئی 1982 کو 15.2 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔

راجدھانی دہلی اور نوئیڈا سمیت پورے این سی آر میں بارش کی وجہ سے گرمی سے راحت ملی ہے۔ دہلی، نوئیڈا اور غازی آباد میں پیر کی صبح سے بارش ہوئی۔ اس سے پہلے ہفتہ کو قومی راجدھانی کے کچھ حصوں میں بارش ہوئی۔ ساتھ ہی مٹی کا طوفان بھی آیا۔ تیز طوفان کی وجہ سے دھولا کنواں کے علاقے میں درخت بھی سڑک پر گر گئے۔ وہیں دہلی چھاؤنی کے علاقے میں بھی تیز آندھی اور بارش کے بعد ایک بڑا درخت اکھڑ گیا، جس کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑا

محکمہ موسمیات نے دہلی اور این سی آر کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا تھا۔ جس میں ویسٹرن ڈسٹربنس کے باعث 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی۔ بارش کا اثر طیاروں کے آپریشن پر بھی پڑا۔ خراب موسم کی وجہ سے دہلی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔

محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پیر کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ 24 مئی کو بھی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 25 مئی کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا تاہم درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔ 26 مئی سے درجہ حرارت ایک بار پھر 40 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے جو 28 مئی تک مزید بڑھے گا