کتنے احتجاجیوں کے گھروں پرچلائیں گے بلڈوزر؟اویسی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 19-06-2022
کتنے احتجاجیوں کے گھروں پرچلائیں گے بلڈوزر؟اویسی
کتنے احتجاجیوں کے گھروں پرچلائیں گے بلڈوزر؟اویسی

 

 

نئی دہلی: حکومت کی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف نوجوانوں کے غصے کے بعد سیاست گرم ہو گئی ہے۔

اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں کے تناظر میں اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے مرکزی حکومت پر طنز کیا ہے اور سوال کیا ہے کہ اب کتنے مظاہرین کے مکانات بلڈوزر سے گرائے جائیں گے۔

اویسی نے کہا کہ "وہ (نوجوان) پی ایم مودی کے غلط فیصلے کی وجہ سے سڑکوں پر ہیں۔ کتنے (مظاہرین) کے گھر بلڈوزر سے گرائے جائیں گے؟

ہم نہیں چاہتے کہ آپ کسی کا گھر گرائیں۔" اویسی نے کہا، "میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں، کیا مسلمان آپ کے بچے نہیں ہیں؟ ہم بھی اس ملک کے بچے ہیں، آپ ہم سے بات کرتے، آپ کو گزشتہ جمعہ کو ہم سے بات کرنی چاہیے تھی۔"

بتادیں کہ نماز جمعہ کے بعد ملک کے کئی حصوں میں پیغمبر اسلام پر بی جے پی لیڈروں کے بیان کے خلاف مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔ اویسی نے احتجاج کے دوران پریاگ راج میں تشدد کے اہم ملزم جاوید محمد کے گھر کو مسمار کرنے کا حوالہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ جاوید محمد جے این یو کی طالبہ لیڈر آفرین فاطمہ کے والد ہیں۔ آفرین فاطمہ کا گھر مسمار کر دیا گیا۔ کیوں؟ کیونکہ اس کے والد نے ایک مظاہرے میں شرکت کی تھی۔ عدالت انھیں سزا دے سکتی ہے، ان کی بیوی اور بیٹی کو نہیں۔ کیا یہ آپ کا انصاف ہے؟

اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی بی جے پی حکومت پر مسلسل حملہ آور ہیں۔ انہوں نے قابل اعتراض تبصرہ کے لیے بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوپور شرما کو گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے۔ ہم آئین کے مطابق کاروائی چاہتے تھے۔ میں جانتا ہوں کہ آنے والے چھ سات مہینوں میں نوپور شرما کو ایک بڑا لیڈر بنایا جائے گا۔

یہ بھی ممکن ہے کہ نوپور شرما کو دہلی کا وزیراعلیٰ امیدوار بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نوپور شرما کو بچا رہی ہے۔ ہم وزیر اعظم سے درخواست کر رہے ہیں اور وہ ایک لفظ بھی نہیں بول رہے ہیں۔