کیسے کی مسلم والدین نے ہندو بیٹی کی شادی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-08-2021
مسلم خاندان میں ہندو لڑکی کی پرورش
مسلم خاندان میں ہندو لڑکی کی پرورش

 

 

 

آواز دی وائس، بنگلور

تہذیب و ثقافت کے سنگم والے ملک ہندوستان میں طرح طرح کی اور انتہائی نادر مثالیں ہندو مسلم ایکتا کی ملتی ہیں، کہ کس طرح سے الگ الگ رسم و رواج اور مذہب و ملت کے ساتھ مل جل کر رہتے ہیں اور ایک دوسرے کی مدد کے لیے بھی ہمشیہ تیار رہتے ہیں۔

ریاست کرناٹک کے ضلع وجئے پورہ میں ایک شخص نے ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔ جہاں ایک مسلمان آدمی نے ایک یتیم ہندو لڑکی کی 10 سال تک پرورش کی ، پھر جب وہ بڑی ہوئی تو ہندو رسم و رواج کے مطابق شادی کر دی۔

ایک مسلمان محبوب مصلی نے 18 سالہ ہندو لڑکی پوجا وڈیگیری کو بیٹی کے طور پر پرورش کر بڑا کیا؛ تاہم اسے اس کے مذہب پر ہی چلنے دیا۔ پھر جب پوجا بڑی ہوئی ہندو رسم ورواج کے مطابق ایک ہندو لڑکے سے شادی کردی۔

دراصل پوجا وڈیگیری کے والدین 10 سال قبل انتقال کر گئے تھے۔ اس کے رشتہ داروں نے اسے رکھنے سے انکار کر دیا۔

پھر محبوب آگےآے اور ایک باپ کی طرح اس کی دیکھ بھال کی۔ اس کی دو بیٹیاں اور 2 بیٹے بھی ہیں۔ اس نے پوجا کو اپنی بچوں جیسی محبت دی۔ 

محبوب نے ایک موقع پر کہا کہ میری ذمہ داری تھی کہ میں اس کی شادی ایک ہندو لڑکے سے کروں۔

انہوں نے کہا کہ پوجا 10 سال سے زیادہ ہمارے گھر میں رہی۔ میں نے اسے کبھی بھی اسلام کی پیروی کرنے یا کسی مسلمان مرد سے شادی کرنے پر مجبور نہیں کیا ، کیونکہ یہ مذہب کے اصولوں کے خلاف ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ دولہے نے بھی مثال قائم کرکے جہیز نہیں لیا۔

پوجا نے کہا کہ میں بہت خوش قسمت ہوں۔ مجھے ایسے عظیم خاندان ملے،جنہوں نے میرا بہت خیال رکھا اور میری پرورش و پرداخت کی۔