دن میں رنگ اور رات میں چراغاں : یہ ہے میرا ہندوستان ہے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
دن میں رنگ اور رات میں چراغاں : یہ ہے میرا ہندوستان
دن میں رنگ اور رات میں چراغاں : یہ ہے میرا ہندوستان

 

 

 آواز دی وائس / منصور الدین فریدی

سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا  ۔۔۔۔

علامہ اقبال جو کہہ گئے وہ پتھر کی لکیر کی مانند ہی ہے۔ ملک میں خواہ سیاست کا بازار گرم ہو یا مذہب کے نام پر سیاست کا۔ حجاب پر ٹکراو ہو یا پھر نماز پر۔ ہر نازک وقت میں جب ایسا لگتا ہے کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی خطرے میں ہے ،کچھ ایسی مثالیں سامنے آجاتی ہیں جو ہر کسی کی زبان پر علامہ اقبال کا یہ مصرعہ خود بخود آجاتا ہے۔

ایسا ہی کچھ ہندوستان میں 18 مارچ کو دیکھنے کو ملا جب دن تھا ’’جمعہ مبارک‘اول تو دن میں ہوا رنگوں کا تہوار ہولی۔اکثریتی فرقہ کا ایک ایسا تہوار جو بلا امتیاز ہر کسی کو خوشیوں کے دلفریب رنگوں کا تجربہ کراتا ہے ۔دوسری جانب مسلمانوں کی عبادت کی رات یعنی کہ ’شب برات‘۔ایک شب جب چراغاں ہوتا ہے۔

اس موقع پر علما اور دانشور اپیل کررہے تھے کہ تمام تر تنازعات اور اختلافات کو بھلا کر مذہبی رواداری کی مثال قائم کریں ۔ ہوا بھی یہی۔ ہندوستان بھر سے جو خبریں آئیں وہ یہی پیغام دے رہی ہیں کہ ملک کا فرقہ وارانہ اتحاد اور ہم آہنگی کو ہلانا آسان نہیں ہے۔پورے ملک میں دن میں ہولی اور رات کو شب برات پر امن اور پر سکون ماحول میں گزری بلکہ اس موقع پر گنگا جمنی تہذیب اور بھائی چارے کی مثالیں سامنے آئیں۔ 

درگاہ دیوا شریف پر رنگوں  کی بارش 

اتر پردیش کے بارہ بنکی میں ہولی پر ہندو اور مسلم بھائیوں کے درمیان محبت اور ہم آہنگی کا ایک نادر نمونہ نظر آیا، یہ ہے دیوا شریف کی ہولی۔ اس روایتی ہولی نے ایک بار پھر فرقہ پرستوں کو آئینہ دکھا دیا۔ ہندووں نے درگاہ کے منتظمین اور عام مسلمانوں کے ساتھ دیوا شریف کی مشہور درگاہ دیوا شریف کے احاطے میں ایک ساتھ ہولی کھیلی۔ ہولی کی خوشی منائی ۔ایک دوسرے کے گلے ملے اور گلال لگایا۔ فضا میں رنگوں کے بادل نظر آئے۔یہ ملک کی پہلی ایسی درگاہ ہے، جہاں ہولی کے دن کا آغاز گلال سے کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قومی ایکتا گیٹ پر پھولوں کی چادر چڑھا کر جلوس بھی نکالا جاتا ہے۔

awaz

دیوا شریف درگاہ سے پھر گیا ہندو مسلم ایکتا کا پیغام 


جب ہندو مسلم مل کر گلاب اور گلال کی انوکھی ہولی کھیلی تو مزار کی رونق دوبالا ہوگئی تھی۔ حاجی وارث علی شاہ بابا کے مزار کی ہولی دنیا بھر میں مشہور ہے۔ مختلف مذاہب کے لوگ ہولی کھیلنے کے لیے دور دور سے آئے تھے۔ایسی ہولی انسانیت کا پیغام دیتی ہے۔ کاشی، متھرا، برج کے بعد بارہ بنکی کی دنیا کی مشہور درگاہ دیوا شریف میں حاجی وارث علی شاہ کی درگاہ پر تمام مذاہب کے لوگ ایک ساتھ ہولی کھیلی اور ساتھ ہی ’رب ہے وہی رام ہے' کا پیغام اس درگاہ سے گونجا ۔

پیلی پھیت کی کہانی

سیاست کا گڑھ جو حال ہی میں انتخابات کے مرحلے سے گزرا ہے۔ایسی ہی ایک انوکھی اور دلچسپ مثال کے لیے سرخیوں میں ہے۔ در اصل یوپی کے پیلی بھیت ضلع میں شیرپور گاؤں ہے۔ ہولی کے دن ہندو رنگ کھیل کر مسلمان بھائیوں کو برا بھلا کہتے یا یوں کہہ لیں کہ طنزیہ انداز میں مذاق کرتے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ مسلمان اس بات کو برا نہیں سمجھتے۔ اس کے برعکس وہ خوشی سے رنگ لگاتے ہیں اور ہولی کی مبارکباد دیتے ہیں۔ساتھ ہی ہندوؤں کو تحفے بھی پیش کرتے ہیں۔

گاؤں کے لوگ بتاتے ہیں کہ یہ روایت نوابوں کے زمانے سے چلی آ رہی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ 45 ہزار کی آبادی والے گاؤں میں ہندوؤں کی تعداد صرف ڈھائی ہزار ہے۔

اجین میں گنگا جمنی تہذیب

ایک کہانی مدھیہ پردیش کی ہے۔ جہاں اجین کے مہاکال میں ہولی کے تہوار پر ہندو مسلم بھائی چارے کی انوکھی مثال دیکھنے کو ملتی ہے ،اس سال بھی وہی روایت برقرار رہی۔ یہاں گزشتہ 50 سالوں سے 100 سے زائد ہندو اور مسلمان بھائی ہولی کے تہوار پر مل کر ہولیکا کو جلاتے ہیں اور ایک دوسرے پر رنگ پھونک کر تہوار کا آغاز کرتے ہیں۔اس بار بھی ایسا ہی ہوا ۔ہولی جلانے کے بعد رنگ کھیلنے تک گنگا جمنی تہذیب کا منظر دیکھنے کو ملا۔

اہم بات یہ ہے کہ ہولی کے تہوار کو آپسی بھائی چارے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس تہوار پر تمام مذاہب کے لوگ مل کر تہوار مناتے ہیں۔ دوسری طرف، اجین کی گھی منڈی میں گزشتہ 50 سالوں سے جلتی ہوئی ہولی گنگا جمنا تہذیب کی پہچان بنی ہوئی ہے۔

awazurdu

اجین کا نظارہ ہے یہ ۔ہندو مسلم اتحاد کا نمونہ 


مسلم راجہ خان کا کہنا ہے کہ عرصہ دراز سے سماج کے لوگ دولت گنج کے چوراہے پر ہندو بھائیوں کے ساتھ تہوار منا رہے ہیں۔ تاکہ ایک دوسرے کے بارے میں کوئی غلط احساس پیدا نہ ہو جو آپس میں چارہ جوئی کر رہے ہیں، ہم اسی روایت پر عمل پیرا ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ ہم اس تہوار کو ماضی میں مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے مقصد سے مناتے ہیں۔ اس کے بعد رنگ پنچمی پر خاندانوں اور معاشرے کے ساتھ ہولی کھیلی جاتی ہے۔

رام پور میں کیا ہوا ؟

رام پور ضلع کے مسلمانوں نے تمام مذاہب کے احترام کے طور پر ایک نیا انوکھا اقدام کیا ہے۔ ہولی کے پیش نظر مسلم برادری نے اذان کے وقت میں تبدیلی کرتے ہوئے ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد دی ہے جس کی ہندو برادری نے بھی تعریف کی ہے۔جامع مسجد کمیٹی نے ہولی کے تہوار اور جمعہ کے ساتھ ہونے کے سبب یہ فیصلہ کیا۔

نماز جمعہ کے لیے جامع مسجد نے 1 بجے کی اذان کے بجائے 2 بجے کا وقت مقرر کیا تھا تاکہ تہوار اور نماز کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اور ساتھ ہی تہوار کو سادگی اور خوش اسلوبی سے منایا جا سکے۔ اسی اذان کے بعد خطبہ دیا گیا، جو 2.15 بجے پڑھا گیا، اس کے بعد نماز ادا کی گئی ۔ رامپور کی جامع مسجد کمیٹی کے اس قدم کی سب نے ستائش کی ہے۔

بہار میں ہندو۔مسلم پھولوں کی ہولی

بہار سے بھی ایک ایسی مثبت خبر آئی ہے ، سپول میں سماجی ہم آہنگی کے لیے انوکھی ہولی ملن کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جہاں ہزاروں کی تعداد میں ہندو اور مسلمان شامل ہوئے اور ایک دوسرے پر پھول نچھاور کئے۔

awazurdu

پھولوں کی ہولی 


مقامی لوگوں نے مل جل کر ہولی منائی ، خواتین، مرد اوراس خاص موقع پر ہولی کے گیت گائے۔ یہ پروگرام کو لے کر بزرگوں میں جوش و خروش ایسا تھا کہ بزرگ پنڈال میں ڈھول ماجیرے کی تھاپ پر گانا اور رقص کررہے تھے۔ اسے بزرگوں کی ہولی کہا جاتا ہے۔

باندا کی نوابی ہولی 

اتر پردیش کے شہر باندا میں  بھی ایک ایسی مثال ہے۔ رشی بام دیو اور بندہ نواب کے شہر میں بھی ہولی بے مثال ہے۔ 1890 میں بندہ نواب علی بہادر ثانی نے یہاں ہولیکادھن کی بنیاد رکھی تھی۔باہمی ہم آہنگی اتنی زبردست تھی کہ ہولی کے رنگ ہندو مسلم کی شناخت کو مٹا دیتے ہیں۔ اس سال بھی ہولی یہاں ہم آہنگی کے نئے رنگ بکھیرے۔

ہندو مسلم ایک ساتھ ہولی منانے کی روایت باندا نواب کے زمانے سے چلی آ رہی ہے۔ نواب ذوالفقار علی بہادر نے شہر کے راہونیہ (کھتلہ) گراؤنڈ میں ہولیکا دھن کا آغاز کیا تھا۔اس روایت میں اس وقت کے بااثر مسلم بزرگ مختار رحیم بخش اور میونسپلٹی کے چیئرمین ڈاکٹر شیام لال شرما ایک ساتھ گاڑی میں بیٹھ کر شہر کا چکر لگاتے تھے اور لوگوں کو ہولی کی مبارکباد دیتے تھے۔

ڈاکٹر انور (بلکھنڈی ناکہ)، امین خان (جوتوں والے، کوتوالی روڈ)، چوہدری رحیم (کھٹلہ)، مولا بخش (مڑھیا ناکہ) ہولی کی ایک خاص پہچان بن چکے تھے۔پہلوان سنگھ، عمراؤ سنگھ، رام راجہ دوبے، چنکئی مہاراج، بھوری مہاراج، چوہدری خاندان کے جاگیردار مسلمان ساتھیوں کے ساتھ ہولی مناتے تھے۔اس سال ہولی نہ صرف جمعہ کو تھی بلکہ شب برات بھی تھی۔ایسے میں ایک بار پھر شہر نے ہم آہنگی کے ورثے اور روایت کو برقرار رکھتے ہوئے روایات کو برقرار رکھا۔