بارہ بنکی جیل : مسلمانوں کے ساتھ ہندو قیدی بھی رکھ رہے ہیں روزہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 21-04-2022
بارہ بنکی جیل : مسلمانوں کے ساتھ  ہندو قیدی بھی رکھ رہے ہیں روزہ
بارہ بنکی جیل : مسلمانوں کے ساتھ ہندو قیدی بھی رکھ رہے ہیں روزہ

 


آواز دی وائس، لکھنو

ایک طرف ملک میں جہاں نفرت کا بازار گرم ہے، وہیں دوسری طرف ہندو مسلم اتحاد کی مثالیں بھی دیکھنے کو مل رہی ہیں۔

ریاست اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں ہندو مسلم اتحاد کی انوکھی مثال دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بارہ بنکی ڈسٹرکٹ جیل میں مسلم قیدیوں کے ساتھ ایک درجن سے زائد ہندو قیدی بھی رمضان کے مہینے میں روزہ رکھ رہے ہیں۔

جیل انتظامیہ کی طرف سے ان روزداروں کو افطاری بھی دی جاتی ہے۔ ہندو قیدی مسلم قیدیوں کے ساتھ روزہ رکھ کر قومی اتحاد کی انوکھی مثال قائم کر رہے ہیں۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ چند سال قبل ڈسٹرکٹ جیل بارہ بنکی میں بند تقریباً دو سو ہندو قیدیوں نے مسلمان قیدیوں کے ساتھ روزہ رکھ کر ایک نئی شروعات کی تھی۔ اس کے بعد سے ہندو قیدی جیل میں روزہ رکھ کر ہندو مسلم اتحاد کی انوکھی مثال قائم کر رہے ہیں۔

اس وقت بارہ بنکی ڈسٹرکٹ جیل میں تقریباً1400قیدی ہیں۔ جن میں سے اس بار کل 250 قیدی رمضان کے مقدس مہینے میں روزہ رکھ رہے ہیں۔ ان میں سے بہت سے ہندو قیدی ایسے ہیں جو روزانہ روزہ رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ بارہبکی جیل سے قیدیوں کے افطار کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ ٹی وی چینل نیوز24 نے ٹویٹر پر شیئر کیا جس کے کیپشن کے ساتھ لکھا ہے: بارہ بنکی(یوپی) جیل میں اتحاد کی انوکھی مثال دیکھی گئی، مسلمان قیدیوں کے ساتھ ہندوؤں نے بھی روزہ رکھا، جیل انتظامیہ کی جانب سے تمام روزہ داروں کو افطاری کرائی گئی۔