حجاب تنازعہ: طالبات کے امتحانات کے لیے مسلم علما کی پہل

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 24-03-2022
حجاب تنازعہ: طالبات کے امتحانات کے لیے مسلم علما کی پہل
حجاب تنازعہ: طالبات کے امتحانات کے لیے مسلم علما کی پہل

 

 

ملک اصغر ہاشمی/ نئی دہلی

 کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے اور سپریم کورٹ کے اس سلسلے میں سماعت سے انکار کے بعد ریاست کے مسلمانوں نے درمیانی راستہ تلاش کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

مسلمانوں کےذمہ داروں کی جانب سےکوشش کی جارہی ہے کہ کسی بھی طرح طالبات کوکرناٹک حکومت بچوں کوسرڈھانپنے کی اجازت دی جائے۔ درمیانی جگہ تلاش کرنے کی ذمہ داری کرناٹک کے مسلمانوں نے اپوزیشن لیڈر سدارامیا کو سونپی ہے۔

اس کے لیے گذشتہ شب بنگلورو کےدارالعلوم سبیل الرشاد میں ریاست کے مسلم دانشوروں اور علمائے کرام کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس میں خاص طور پر کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں کانگریس کے لیڈر سدارامیا کو مدعو کیا گیا تھا۔

کرناٹک کے مسلمانوں کے ایک وفد نے حجاب اور برقع کے درمیان راستہ تلاش کرنے کے لیے ایچ ڈی کمارسوامی سے بھی ملاقات کی ہے۔

ان کوششوں کے پیچھے مقصد صرف یہ ہےکہ مسلم طالبات بغیرکسی رکاوٹ کےبورڈ کے امتحانات دے سکیں۔ بورڈ کے 10ویں کے امتحان 28 مارچ سے کرناٹک میں ہونے جا رہے ہیں۔ جلد ہی 12ویں کے امتحان کا انعقاد کیا جائے گا۔

کرناٹک کے مسلم دانشوراورعلمائے کرام کوشش کر رہے ہیں کہ اس کمیونٹی کی لڑکیاں جو حجاب یا برقعہ پہنتی ہوں۔ کرناٹک ہائی کورٹ کے ذریعہ اس پر پابندی لگاتے ہوئےاسےامتحان دینےسےروکانہیں جاناچاہئے۔اس کے لیے کوئی درمیانی راستہ نکالنا چاہیے۔

خیال رہےکہ حجاب، برقعہ یا زعفرانی شال پہن کرکلاس میں آنے پرپابندی کے بعد زیادہ ترحجابی طالبات نے کلاس کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔

 ایسے میں مسلم دانشوروں اور علمائے کرام کو لگتا ہے کہ اس صورت حال میں ان کے طالبات کی تعلیم پربہت زیادہ نقصان پہنچےگا۔ یہاں تک کہ ان طالبات کا مستقبل بھی تباہ ہوسکتا ہے۔ایک مسلم دانشور کا کہنا ہے کہ اگر ان طلبا کا مستقبل خراب ہوگا تواس کاملک پربھی برا اثرپڑے گا۔

 دارالعلوم سبیل الرشاد بنگلورو میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرناٹک کے امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی نے کی۔

اس دوران ریاست کے اپوزیشن لیڈر سدارمیا بطورمہمان خصوصی موجود تھے۔ اس دوران مسلمانوں کی جانب سے رمیا سے اپیل کی گئی کہ وہ اس معاملےکوایوان کی میز پررکھیں اور ثالثی کردار کریں اور اسکول کالج میں لڑکیوں کو دوپٹہ یا پلو سے سر ڈھانپنے کی اجازت دلوانے کی کوشش کریں۔

مولانا صغیر احمد رشدی کا کہنا ہے کہ دوپٹہ اسکول کالج کے ڈریس کوڈ میں شامل ہے۔ حکومت کو کندھے کی بجائے صرف دوپٹہ سر پر رکھنے کی اجازت دینی چاہئے۔

اس سے کرناٹک ہائی کورٹ کے حکم کی بھی خلاف ورزی نہیں ہوگی اور لڑکیوں کے حجاب پہننے کا مسئلہ بھی کافی حد تک حل ہوجائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مسلمان بھی سپریم کورٹ کے حکم کا انتظار کر رہے ہیں۔