راجدھانی میں ہائی الرٹ : جہانگیر پوری میں شوبھا یاترا میں تشدد- وزیر داخلہ امت شاہ نے کی پولیس کمشنر سے بات

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 16-04-2022
راجدھانی میں ہائی الرٹ : جہانگیر پوری میں  شوبھا یاترا میں تشدد
راجدھانی میں ہائی الرٹ : جہانگیر پوری میں شوبھا یاترا میں تشدد

 

 

نئی دہلی:ملک میں مذہبی تشدد کا سلسلہ اب راجدھانی پہنچ چکا ہے۔ ہفتہ کی شام  دہلی میں ہنومان جنم اتسو کے دوران ہفتہ کو جہانگیر پوری علاقے میں دو فرقوں کے درمیان تشدد پھوٹ پڑا۔ اطلاعات کے مطابق دہلی کے جہانگیر پوری میں دو فرقوں کے درمیان زبردست ہنگامہ ہوا۔ ہنومان جنم اتسو کے دوران جلوس پر پتھراؤ کیا گیا۔ زبردست آگ زنی اور پتھراو کی خبریں آئی ہیں ۔تشدد کے بعد پولیس نے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔

تشدد کے دوران پولیس اہلکاروں سمیت کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے جہانگیرپوری سے بابو جگجیون رام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

ڈی سی پی انویس رائے، جو دہلی پولس کے پی آر او کہتے ہیں کہ جہانگیر پوری میں جلوس کے دوران ہنگامہ ہوا ہے۔ جلوس میں پیدل چلنے والے لوگوں پر پتھراؤ اور آگ زنی خبریں ملی ہیں۔ ہمارے تمام اعلیٰ حکام موقع پر موجود ہیں۔ صورتحال قابو میں ہے اور اضافی فورس تعینات کر دی گئی ہے۔

اس واقعے سے متعلق کچھ ویڈیوز بھی منظر عام پر آئی ہیں، جن میں لوگ پتھراؤ اور آتش زنی کے پیچھے بھاگتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے دہلی پولیس کمشنر سے بات کی ہے۔ امیت شاہ نے جہانگیرپوری تشدد کے سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

آتشزدگی اور پتھراؤ کے درمیان ہیلمٹ پہنے پولیس اہلکار حالات کو قابو میں لانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ کچھ ویڈیوز میں نوجوان پتھراؤ کرتے بھی نظر آ رہے ہیں۔ آتشزدگی کے واقعات کے پیش نظر دہلی فائر سروس کی 2 گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئی تھیں، حالانکہ دہلی فائر سروس کے ڈائریکٹر اتل گرگ کا کہنا ہے کہ یہ واقعات کافی چھوٹے تھے، آگ لگنے سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

علاقہ میں دھویں کے بادل کے درمیان سینکڑوں لوگ سڑکوں پر دیکھے گئے۔اسپیشل سی پی (شمالی زون) دیپیندر پاٹھک نے کہا کہ سینئر افسران موقع پر موجود ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ یاترا کے دوران دو فرقوں کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی جس کے بعد ان میں ہاتھا پائی ہو گئی۔معاملات بڑھ گئے اور دونوں فرقوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ انہوں نے عوامی املاک کو نقصان پہنچایا اور کچھ گاڑیوں کو نذر آتش کیا

پولیس نے بتایا کہ سینئر افسران موقع پر پہنچ گئے اور اضافی فورس بھی طلب کر لی گئی۔ پولیس نے بھیڑ کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جس کے دوران کئی اہلکار زخمی ہو گئے۔ ایک افسر نے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔

 تشدد کے بعد اسپیشل برانچ نے تمام 14 اضلاع کی پولیس کو الرٹ پر رکھا اور سینئر افسران کو زمین پر رہنے کو کہا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ شوبھا یاترا کئی علاقوں میں منعقد کی جا رہی ہے اور افسران کو صورتحال پر نظر رکھنے کو کہا گیا ہے۔