آرٹ اور کلچر کی عظیم وراثت کو محفوظ رکھنا لازمی: پی ایم مودی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 28-01-2022
آرٹ اور کلچر کی عظیم وراثت کو محفوظ رکھنا لازمی: پی ایم مودی
آرٹ اور کلچر کی عظیم وراثت کو محفوظ رکھنا لازمی: پی ایم مودی

 

 

آواز دی وائس،نئی دلّی

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کے فنکار پنڈت جسراج کے یوم پیدائش پر انہیں گرانقدر خراج عقیدت پیش کیا ۔وزیر اعظم نے پنڈت جسراج کی شخصیت سے موسوم لا زوال موسیقی کا ذکر کیا اور درگا جسراج اور پنڈت سارنگ دیو کی عظیم فن کار کی وراثت کو زندہ رکھنے کے لئے ستائش کی ۔

وزیر اعظم ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پنڈت جسراج کلچرل فاؤنڈیشن کے آغاز پر اظہارِ خیال کر رہے تھے ۔ وزیر اعظم نے ہندوستانی موسیقی کی گہرائی کے وسیع علم کے بارے میں بات کی ۔ انہوں نے کہا کہ آسمانی توانائی کو محسوس کرنے کی قوت اور کائنات کے بہاؤ میں موسیقی کا مشاہدہ  ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی روایت کو غیر معمولی بناتی ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ موسیقی ایک ایسا وسیلہ ہے ، جو ہمیں اپنی دنیاوی ذمہ داریوں سے آگاہ کرتی ہے اور یہ ہمیں دنیاوی کاموں کو انجام دینے میں بھی مدد کرتی ہے ۔ وزیراعظم نے ہندوستان کے آرٹ اور کلچر کی عظیم وراثت کو محفوظ کرنے کے پنڈت جسراج کلچرل فاؤنڈیشن کے مقصد کی ستائش کی ۔انہوں نے فاؤنڈیشن سے کہا کہ وہ اِس دور کی ٹیکنا لوجی کے دو اہم پہلوؤں پر توجہ مرکوز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلا یہ کہ بھارتی موسیقی عالمگیریت کے اِس دور میں اپنی شناخت قائم کرے ۔

انہوں نے کہا کہ یوگا ڈے کے تجربے سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ پوری دنیا نے ہندوستانی وراثت سے فائدہ حاصل کیا ہے اور ہندوستانی موسیقی میں بھی انسانی ذہن کو گہرائی تک متاثر کرنے کی صلاحیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہر شخص بھارتی موسیقی کے بارے میں جاننے ، سیکھنے اور اِس سے فائدہ اٹھانے کا حقدار ہے ۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ، اُس کی دیکھ بھال کریں ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دوسری بات یہ ہے کہ آج کے دور میں ، جہاں ٹیکنا لوجی کا اثر ہر طرف جاری ہے ، ایسے میں موسیقی کے شعبے میں بھی ٹیکنا لوجی اور آئی ٹی کا انقلاب ہونا چاہیئے ۔ انہوں نے ہندوستانی موسیقی کے آلات اور روایات پر مبنی صرف موسیقی کے لئے وقف اسٹارٹ اَپس کے لئے زور دیا ۔ انہوں نے کاشی جیسے کلچر اور آرٹس کے مراکز پھر سے تیار کرنے کی حالیہ کوششوں پر بھی زور دیا ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان نے ماحولیات کے تحفظ اور فطرت کے لئے محبت میں اپنی عقیدت کے ذریعے دنیا کو ایک محفوظ مستقبل کا راستہ دکھایا ہے ۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ ہندوستان کے ترقی کے ، اِس سفر میں وراثت کے ساتھ ساتھ ’ سب کا پریاس ‘ کو بھی شامل کیا جانا چاہیئے ۔