ہمنت بسوا نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-08-2021
ایک اہم ملاقات
ایک اہم ملاقات

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی

آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنت بسوا سرما نے پیر کو دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں نے آسام میزورم سرحدی تنازعہ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس معاملے پر سرما وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ آسام بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ سے بھی ملنے کا امکان ہے۔ وہ ہفتہ سے دہلی میں ہیں ، لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر وہ ابھی تک امیت شاہ سے نہیں مل سکے۔

 اس سے قبل دونوں ریاستیں مشترکہ بیان جاری کر کے امن برقرار رکھنے پر متفق ہو چکی ہیں۔ مرکزی حکومت نے ریاستوں کو بات چیت کے ذریعے تنازعہ حل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ بیان میں دونوں ریاستوں نے کہا تھا کہ وہ متنازعہ علاقوں میں مرکزی افواج کی گشت پر راضی ہو گئے ہیں۔

 بدر الدین اجمل نے بھی دہلی میں ڈیرے ڈالے

 آسام کی سیاسی جماعت آل انڈیا ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) کے صدر بدر الدین اجمل بھی اس وقت دہلی میں ہیں۔ وہ دھوبری سیٹ سے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ اجمل کا کہنا ہے کہ پڑوسی ریاستیں آسام کی زمین پر قابض ہیں۔ 

میزورم کے علاوہ دیگر ریاستیں بھی اس میں شامل ہیں۔ وہ اس مسئلہ پر امیت شاہ سے ملنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اے این آئی کو بتایا کہ وہ پیر کی شام امت شاہ سے مل سکتے ہیں ، حالانکہ شاہ نے ابھی ان سے ملاقات نہیں کی ہے ، لیکن شام کو ملاقات کے لیے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔