گرم کپڑوں سےغرباء کی مدد کریں: مولانا محمد شبلی القاسمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-12-2021
 گرم کپڑوں سےغرباء کی مدد کریں: مولانا محمد شبلی القاسمی
گرم کپڑوں سےغرباء کی مدد کریں: مولانا محمد شبلی القاسمی

 


آواز دی وائس، پٹنہ 

جاڑے کی شدت بڑھتی جا رہی ہے، موسم کا مزاج بدل رہا ہے، آئندہ چند دنوں میں اس میں اور تیزی آنے کی توقع ہے،ایسے وقت میں غربا ومساکین کو بڑے پیمانے پر کمبل اور گرم کپڑوں کی ضرورت ہوتی ہے۔غرباء و مساکین کی اس ضرورت کو پورا کرنا بڑا کار ثواب ہے ۔

امارت شرعیہ کی جانب سے بھی ہر سال غرباء کے درمیان کمبل تقسیم کیے جاتے ہیں ، اس سال بھی یہ کام کیا جائے گا

۔ خاص کر دیہاتوں میں کمبل کی تقسیم کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ قائم مقام ناظم امارت شرعیہ مولانا محمد شبلی القاسمی نے اہلِ خیرحضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کار خیر میں حصہ لیں ،خاص طور پر شمالی بہار کے دیہاتوں میں جہاں سخت سردی پڑتی ہے اور سیلابی علاقہ ہونے کی وجہ سے وہاں غربت بھی زیادہ ہے، ان علاقوں کے لیے زیادہ سے زیادہ تعداد میں کمبل کی فراہمی میں اپنا تعاون دیں۔

اصحاب خیر حضرات اپنے اپنے علاقوں میں اپنی استطاعت کے مطابق اپنے طور پر اس کار خیر کو کریں۔ اگر امارت شرعیہ کی معرفت وہ مستحقین تک کمبل پہونچوانا چاہتے ہیں توجوحضرات اپنی طرف سے جتنے کمبل مستحقین کو بھیجنا چاہتے ہوں۔

ان کی قیمت بیت المال امارت شرعیہ میں ارسال فرمادیں، یا خود کمبل خرید کر بھی امارت شرعیہ بھیج سکتے ہیں ، یہاں سے مستحقین کے درمیان تقسیم کر دیا جائے گا ۔

قائم مقام ناظم امارت شرعیہ نے مزید کہا کہ جو اپنے بھائی کی مدد کرتا ہے اللہ تعالیٰ بھی ان کی مدد کرتا ہے ، خاص طورمصیبت کی اس گھڑی میں مصیبت زدگان کی راحت رسانی ہر مسلمان کی انسانی و ایمانی ذمہ داری ہے۔

اس کے ساتھ ہی اپنے طور پر اپنے محلہ اور علاقہ کے ضرورت مند افراد کی مددکریں، رشتہ داروں میں کو ئی ضرورت مند ہو تو اس کا خیال کریں، یہ بڑا کار ثواب ہے ،امید ہے کہ اہل خیر حضرات اس طرف فوری توجہ دیں گے۔