گاوں میں دو ہیلی پیڈ، سڑک غائب،حکومت کونوٹس

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 14-07-2022
گاوں میں دو ہیلی پیڈ، سڑک غائب،حکومت کونوٹس
گاوں میں دو ہیلی پیڈ، سڑک غائب،حکومت کونوٹس

 

 

آواز دی وائس،ممبئی

بمبئی ہائی کورٹ نے جمعرات کو کہا کہ اسے گاوں میں ہیلی پیڈ سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، تاہم مہاراشٹر حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ بچوں کو اسکول جانے کے لیے اچھی سڑکیں فراہم کرے۔ جسٹس پرسنا ورلے کی سربراہی والی ڈویژن بنچ نے ستارہ ضلع کے کھیرکھندی گاؤں کے طلباء کی حالت زار پر سوموٹو (اپنے طور پر) کی گئی مفاد عامہ کی عرضی کی سماعت کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا ہے۔

کھیرکھندی گاؤں کے طلباء کوائنا ندی کو ایک کشتی کے ذریعے پار کرتے ہیں اور پھر انہیں اپنے اسکول تک پہنچنے کے لیے جنگل سے گزرنا پڑتا ہے۔ عدالت نے مہاراشٹر کے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ محکموں کے سکریٹریوں کے ساتھ میٹنگ طلب کریں اور مثبت اور مستقل حل نکالیں۔

ہائی کورٹ نے کہا کہ وہ صرف بچوں کو ان کی تعلیم کے لیے مدد اور سہولیات حاصل کرنے میں دلچسپی ہے۔ عدالت نے نوٹ کیا کہ ستارہ ضلع کے ایک گاؤں میں دو ہیلی پیڈ ہیں، لیکن کوئی سڑک یا پل نہیں ہے۔ جسٹس ورلے نے کہا کہ ہمیں گاؤں کے اندر موجود ہیلی پیڈز پر کوئی اعتراض نہیں ہے، تاہم اس کے ساتھ ہی ہم بچوں کے اسکول یا کالج جانے،اپنی تعلیم مکمل کرنےاورمعاشرے کی مدد کرنے کے لیے اچھی سڑکیں بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم صرف یہ چاہتےہیں کہ ریاستی حکومت مثبت قدم اٹھائےاورجوممکن ہو وہ کرے اور مستقل حل تلاش کرے۔ خیال رہے کہ مہاراشٹرکےوزیراعلی ایکناتھ شندے کا تعلق ستارہ ضلع سے ہے۔ عدالت نے چیف سیکرٹری کو خزانہ، دیہی ترقی، تعلیم اور سماجی انصاف کے محکموں کے سیکرٹریوں کے ساتھ اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔

میٹنگ کے بعد، چیف سکریٹری اپنی رائے کے ساتھ موجودہ معاملے میں اٹھائے گئے مسائل کے مستقل حل کے لیے ایک رپورٹ تیار کرنے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔

عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ رپورٹ 30 اگست2022 تک عدالت میں پیش کی جائے اور اس کے ساتھ کسی افسر کا حلف نامہ بھی پیش کیا جائے جو ریاست کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی سکریٹری کے عہدے سے نیچے نہ ہو۔