بارش اورزالہ باری نے کیا دہلی کا موسم سرد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 26-02-2022
بارش اورزالہ باری نے کیا دہلی کا موسم سرد
بارش اورزالہ باری نے کیا دہلی کا موسم سرد

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

دہلی کا موسم دوبارہ سرد ہوگیا ہے۔ قومی دارالحکومت نئی دہلی کے شاہین باغ، دوارکا، اتم نگر سمیت کئی علاقوں میں گزشتہ شب تیز بارش اور برف باری کی کئی تصویریں اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔

 موسم میں اس تبدیلی کا اندیشہ آئی ایم ڈی نے پہلے ہی ظاہر کر دیا تھا۔

شمالی ہند میں گزشتہ کئی دنوں سے دھوپ نکلنے کی وجہ سے اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ جلد ہی ملک میں ٹھنڈ کی وداعی ہو جائے گی، لیکن جمعہ کی شب موسم نے ایک بار پھر کروٹ لے لی۔

دراصل 25 فروری2022 کی شام دہلی اور این سی آر کے کئی حصوں میں تیز بارش ہوئی۔

کچھ مقامات پر جمعہ کی دیر شب ژالہ باری بھی ہوئی اور اس دوران تیز ہوا چلنے سے ٹھنڈ کا اثر ایک بار پھر بڑھ گیا۔

دہلی کے شاہین باغ، جیت پور، بدرپور، دوارکا، اتم نگر سمیت کئی علاقوں میں گزشتہ شب تیز بارش اور برف باری کی کئی تصویریں اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔ حالانکہ موسم میں اس تبدیلی کا اندیشہ آئی ایم ڈی نے پہلے ہی ظاہر کر دیا تھا۔

محکمہ موسمیات کی مانیں تو اس بارش کی وجہ ویسٹرن ڈسٹربنس ہے جس کے اثر سے راجدھانی کا موسم بدلا اور جمعہ کی شام و شب تیز بارش ہوئی۔

آئی ایم ڈی کے مطابق یہاں ہفتہ کے روز بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے اور دن میں ٹھنڈ کا احساس ہوگا۔

اتوار کو موسم کا مزاج صاف رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔