گرمی نے توڑے تمام ریکارڈ- دہلی میں پارہ 49 کو کر گیا پار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 16-05-2022
گرمی نے توڑے تمام ریکارڈ- دہلی میں پارہ 49 کو  کر گیا پار
گرمی نے توڑے تمام ریکارڈ- دہلی میں پارہ 49 کو کر گیا پار

 

 

نیو دہلی : ملک کی راجدھانی دہلی میں گرمی نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ اتوار کو دہلی کے منگیش پور میں درجہ حرارت 49 ڈگری کو پار کر گیا۔ وہیں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چند روز بعد گرمی سے راحت مل سکتی ہے۔

ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق، قومی دارالحکومت کے منگیش پور اسٹیشن کا درجہ حرارت 49.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جب کہ نجف گڑھ میں 49.1 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی میور وہار میں درجہ حرارت سب سے کم رہا۔ یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45.5 ڈگری سیلسیس رہا۔ پالم میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46.4 ڈگری، رج 47.2 ڈگری، آیا نگر 46.8 ڈگری، جعفر پور 47.5 ڈگری، پیتم پورہ 47.3 ڈگری اور اسپورٹس کمپلیکس 48.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

تاہم آنے والے دنوں میں گرمی سے کچھ راحت متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویب کے حوالے سے پہلے ہی وارننگ جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لوگ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔ جہاں تک ممکن ہو دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔ ضرورت پڑنے پر باہر نکلتے وقت مسلسل پانی پیتے رہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے گرمی سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیر کو دہلی میں گرج چمک کے ساتھ طوفان یا مٹی کے طوفان کی بھی پیش گوئی کی ہے۔

دوسری طرف ہریانہ کے گروگرام میں بھی آج درجہ حرارت 48.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ 10 مئی 1966 کے بعد سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے، جب شہر کا درجہ حرارت 49 ریکارڈ کیا گیا تھا۔

کمزور مغربی ڈسٹربنس کی وجہ سے اس سال اب تک کم بارش ہوئی ہے۔ کم بارش کی وجہ سے اس سال اپریل 1951 کے بعد دہلی میں سب سے زیادہ گرم رہا ہے۔ دارالحکومت میں اپریل میں صرف 0.3 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ ماہانہ اوسط 12.2 ملی میٹر تھی۔ عام 15.9 ملی میٹر کے مقابلے مارچ میں کوئی بارش نہیں ہوئی۔