قطب مینار کمپلیکس معاملہ: مورتیوں کی بحالی کی سماعت والی درخواست ملتوی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 17-05-2022
قطب مینار کمپلیکس معاملہ: مورتیوں کی بحالی کی سماعت والی درخواست ملتوی
قطب مینار کمپلیکس معاملہ: مورتیوں کی بحالی کی سماعت والی درخواست ملتوی

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

دہلی کے قطب مینار کمپلیکس میں واقع قوۃ الاسلام مسجد میں مورتیوں کو بحال کرنے اور ان کی پوجا کرنے کے حق کے لیے ساکیت عدالت میں ایک عرضی دائر کی گئی۔جس پر آج ساکیت عدالت میں سماعت ہونی تھی۔

تاہم اس درخواست پر سماعت ملتوی کردی گئی ہے اور اب اس معاملےکی سماعت 24 مئی2022 کو ہوگی۔

جانکاری کے مطابق اس کیس سے جڑے وکیل وشنو شنکر جین اس وقت دہلی میں نہیں ہیں۔ دہلی میں وکیل کی عدم موجودگی کی وجہ سے سماعت 24 مئی2022 کو رکھی گئی ہے۔

درحقیقت ساکیت عدالت نے قطب مینار کمپلیکس میں ہندو اور جین دیوتاؤں کی مورتیوں کو بحال کرنےاور وہاں پوجا کرنے کی اجازت دینے کی درخواست پر مرکز اور آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) سے جواب طلب کیا تھا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج پوجا تلوار نے متعلقہ افسران کو 11 مئی تک اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی تھی اور اس معاملے کی سماعت 11 مئی2022 کو ہی ہونی تھی۔۔

درخواست گزار کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل وشنو جین نے بتایا تھا کہ عدالت نے مرکزی حکومت، وزارت ثقافت کے ذریعے دہلی زون کے سپرنٹنڈنٹ آرکیالوجی اے ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کو نوٹس جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر2021 میں سول سوٹ کی منسوخی کو مجسٹریٹ عدالت نے چیلنج کیا تھا، جس پر یہ نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔جج نے جین کی طرف سے دائر اپیل کو قبول کرتے ہوئے یہ حکم جاری کیا تھا۔اپیل میں دعویٰ کیا گیا کہ محمد غوری کے جنرل قطب الدین ایبک نے 27 مندروں کو جزوی طور پر منہدم کرنےکے بعد اس سے قوۃ الاسلام مسجد تعمیر کی گئی تھی۔