حج :درخواست میں 15 فروری تک توسیع

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 31-01-2022
حج :درخواست میں 15 فروری تک توسیع
حج :درخواست میں 15 فروری تک توسیع

 

 

 آواز دی وائس / ممبئی

مرکزی حج کمیٹی نے حج درخواست فارم بھرنے کی تاریخ میں مزید 15 دن کی توسیع کردی ہے۔ قبل ازیں حج درخواست فارم بھرنے کی آخری تاریخ 31 جنوری تھی لیکن عازمین حج کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے درخواست فارم بھرنے کی آخری تاریخ میں 15 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔

عازمین حج اب 15 فروری2022 تک درخواست فارم بھر سکتے ہیں۔ یعقوب شیخ نے کہا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے زائرین کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ صورت حال کے پیش نظر اورعازمین کومزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے درخواست فارم بھرنے کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔

یعقوب شیخ نے کہا کہ کچھ دن پہلے مرکزی حج کمیٹی نے مرکزی وزارت اقلیتی امور کوایک خط بھیج کر تاریخ میں توسیع کی درخواست کی تھی۔ مرکزی حج کمیٹی کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے مرکزی وزارت اقلیتی امور نے درخواست فارم میں 15 دن کی توسیع کر دی ہے۔

مرکزی حج کمیٹی کے سی ای او نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی کو اب تک 78000 سے زائد درخواست فارم موصول ہوئے ہیں جن میں 1600 سے زائد خواتین نے درخواست دی ہے جو بغیر محرم کے حج پرجا رہی ہیں۔

مرکزی حج کمیٹی کے سی ای او یعقوب شیخ نے ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو درخواست فارم بھرنے کی تاریخ میں توسیع کرنے کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج درخواست فارم بھرنے کا پورا نظام ڈیجیٹل ہو گیا ہے۔ ہمیں موبائل ایپ سے بھی بڑی تعداد میں درخواست فارم مل رہے ہیں۔

سی ای او یعقوب شیخ نے کہا کہ حکومت ہند اور حکومت سعودی عرب کے درمیان حج 2022 پر ابھی تک دو طرفہ معاہدہ نہیں ہوسکا ہے،جس کی وجہ سے ہندوستانی عازمین حج کے کوٹے کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جلد ہی حج 2022 کے لیے دو طرفہ معاہدے پر دستخط ہوں گے۔