گن لائسنس کیس:چالیس مقامات پرسی بی آئی چھاپے

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 24-07-2021
گن لائسنس کیس:چالیس مقامات پرسی بی آئی چھاپے
گن لائسنس کیس:چالیس مقامات پرسی بی آئی چھاپے

 

 

سری نگر

گن لائسنس کیس کے سلسلے میں سری نگر میں جموں و کشمیر کے آئی اے ایس افسر شاہد اقبال چودھری کی رہائش گاہ سمیت 40 مقامات پر سی بی آئی نے چھاپہ مارا۔ ایجنسی نے ابھی تک ان چھاپوں کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں ، لیکن کہا ہے کہ یہ اقدام 2019 میں درج ایک مقدمے کے حصے کے طور پر اٹھایا گیا تھا۔ یہ الزام ہے کہ 2012 سے 2016 کے درمیان جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع کے کمشنرز نے پیسوں کے لالچ میں غیر قانونی اور دھوکہ دہی کے ساتھ اسلحہ لائسنس جاری کیے۔

چودھری 2009 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں اور فی الحال وہ انتظامی سکریٹری ، محکمہ قبائلی امور ، جموں و کشمیر کے عہدے پر تعینات ہیں۔ انہوں نے کٹھوعہ ، ریاسی ، راجوری اور ادھم پور اضلاع کے کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔

الزام ہے کہ اس دوران انہوں نے دیگر ریاستوں اور مرکزی علاقوں کے لوگوں کو جعلی ناموں پر ہزاروں لائسنس جاری کیے۔ سی بی آئی نے ابھی تک ان چھاپوں کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں ، لیکن کہا ہے کہ یہ قدم 2019 میں درج ایک مقدمے کے تحت اٹھایا گیا تھا۔

اس رپورٹ کے مطابق ، جموں و کشمیر میں 2012 کے بعد سے 2 لاکھ سے زیادہ گن لائسنس غیر قانونی طور پر جاری کیے گئے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ یہ ہندوستان کا سب سے بڑا گن لائسنس ریکیٹ ہے۔ پچھلے سال اس معاملے میں آئی اے ایس افسر راجیو رنجن سمیت دو افسروں کو سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔

رنجن اور عترت حسین رفیقی نے مبینہ طور پر اپنے ضلع کپواڑہ کے کمشنر کی حیثیت سے متعدد غیر قانونی لائسنس جاری کیے۔ 2020 میں ، اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا تھا، جو سرکاری ملازمین سمیت دیگر ساتھی ملزمان کے ساتھ مختلف مالی لین دین میں ملوث تھا۔

راجستھان اے ٹی ایس نے 2017 میں اس گھوٹالے کو بے نقاب کیا تھا اور 50 سے زائد ملزموں کو گرفتار کیا تھا۔ اے ٹی ایس کے مطابق ، فوج کے اہلکاروں کے نام پر مبینہ طور پر 3،000 سے زائد اجازت نامے دیئے گئے تھے۔ اس کے بعد جموں و کشمیر کے اس وقت کے گورنر این این ووہرا نے اس معاملے کی تحقیقات سی بی آئی کے حوالے کردی تھیں۔