گجرات اسمبلی الیکشن:بی ٹی پی نے عام آدمی پارٹی سے اتحاد توڑا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 14-09-2022
گجرات اسمبلی الیکشن:بی ٹی پی نے عام آدمی پارٹی سے اتحاد توڑا
گجرات اسمبلی الیکشن:بی ٹی پی نے عام آدمی پارٹی سے اتحاد توڑا

 

 

احمدآباد: جیسے جیسے گجرات اسمبلی انتخابات قریب آرہےہیں، سیاسی پارٹیاں اس میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتی ہیں۔ گجرات انتخابات سے پہلے ہی عام آدمی پارٹی کو دھچکا لگا ہے۔ جب بھارتیہ ٹرائبل پارٹی (بی ٹی پی) نے عام آدمی پارٹی سے اپنا اتحاد توڑ دیا۔

اے اے پی کے ساتھ اتحاد توڑنے پر بی ٹی پی کے سربراہ چھوٹو وساوا نے کہا، "عام آدمی پارٹی سب پر حکومت کرنا چاہتی ہے، لیکن ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے، کیونکہ وہ بی جے پی کے ساتھ ہیں۔ ٹوپیاں پہننے والے یہ لوگ پگڑیاں باندھنے پر ہمیں تشدد کا نشانہ بناتے تھے۔ ہم ان کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔"

چھوٹو بھائی وساوا نے کہا کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے۔ اتحاد توڑنے کے اعلان کے بعد بی ٹی پی سربراہ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے ساتھ رہنے سے ان کی تنظیم کو نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا، اسی لیے انہوں نے عام آدمی پارٹی سے اتحاد توڑا۔

وساوا نے کہا کہ یہ اتحاد ان کی پارٹی کی شبیہ کو داغدار کر رہا تھا اور ان کی پارٹی کو توڑنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔ 10 دن پہلے انہوں نے گجرات کے عام آدمی پارٹی کے انچارج کو خط لکھا تھا جس کا جواب آج تک نہیں آیا ہے۔

بی ٹی پی کے سربراہ چھوٹو وساوا نے عام آدمی پارٹی پر الزام لگاتے ہوئے کہا، "عام آدمی پارٹی اور بھارتیہ ٹرائبل پارٹی نے مل کر قبائلی علاقوں کے لیے 14 مسائل طے کیے تھے، جن میں سے ریلیوں میں آپ نے ان کی رضامندی کے بغیر صرف 6 مسائل کی ضمانت دینے کی بات کی تھی۔" اگست میں بوڈیلی کی ریلی میں عام آدمی پارٹی نے گارنٹی کے ساتھ صرف 6 مسائل پر بات کی تھی۔ اب وساوا گجرات اسمبلی انتخابات میں تنہا لڑیں گے۔