ایس او پیز کی خلاف وزری پر حکومت کر سکتی ہے سخت کارروائی: فاروق خان

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 10-01-2022
ایل جی کے مشیرفاروق خان
ایل جی کے مشیرفاروق خان

 

 

آواز دی وائس، سری نگر

جموں وکشمیر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان نے کورونا کیسز میں ہو رہے اچانک اضافے کے پیش نظر لوگوں کو کورونا پروٹوکول پر عمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر لوگوں نے احتیاط نہ کی تو حکومت سخت اقدام کرنے پر مجبور ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برف باری کے بعد انتظامیہ نے کم سے کم وقت میں سبھی اضلاع میں بجلی بحال کی ۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں گزشتہ دنوں ہوئی برف باری کے بعد ایل جی انتظامیہ نے چند گھنٹوں کے اندرا ندر ہی سب کچھ بحال کیا۔

انہوں نے بتایا کہ سبھی اضلاع میں برقی رو بحال کی گئی ہے اور حکومت نے برف باری سے قبل لوگوں سے جو وعدہ کیا تھا اُس کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔ اُن کے مطابق وادی کشمیر کی اہم شاہراﺅں پر موجود برف کو بھی صاف کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دور دراز علاقوں میں انتظامیہ نے لوگوں تک ریلیف بھی پہنچایا ہے۔

فاروق خان نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں سبھی 33 کے وی ترسیلی لائنوں کو ٹھیک کیا گیا جبکہ 140خراب ٹرانسفارمروں میں سے 113 کو جنگی بنیادوں پر ٹھیک کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 4 ہزار 886 کلومیٹر شاہراﺅں پر موجود برف کو بھی صاف کیا گیا ہے جبکہ اندرونی رابط سڑکوں سے بھی برف ہٹانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

ایڈوئزار نے بتایا کہ جہاں تک پینے کے پانی کا سوال ہے تو میں یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ برف باری کے دوران کشمیر وادی میں کسی بھی جگہ سے پانی کی قلت کے حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئیں۔ جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں لگاتار اضافے پر مشیر موصوف نے کہا کہ کورونا رہنما اصولوں پر عملدرآمد سے ہی وائرس سے بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چند ددنوں سے یومیہ کیسز میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے اور اس کی بنیادی وجہ لوگوں کی جانب سے ایس او پیزپر عملدرآمد نہ کرنا ہے۔

مشیر موصوف نے عوام الناس سے التجا کی کہ وہ کورونا رہنما اصولوں پر من وعن عمل کریں تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جا سکے۔ اسپتالوں میں کورونا کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر پولیس کی طلبی پر ایل جی کے مشیرنے بتایا کہ لیفٹینٹ گورنرمنوج سہا نے اس بارے میں ایس ایس پی کے ساتھ بات کی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو ایسا بھی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو امیکرون ویرنٹ کو ہلکے میں نہیں لینا چاہئے ۔

مشیر فاروق خان نے بتایا کہ ہسپتالوں میں وافر مقدار میں آکسیجن کی سپلائی ہے اورا س ضمن میں انتظامیہ نے پہلے ہی نئے آکسیجن پلانٹ بھی نصب کئے ہیں۔

لاک ڈاون نافذ کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں فاروق خان نے بتایا کہ اگر لوگ کورونا رہنما اصولوں پر من وعن عمل کرتے ہیں تولاک ڈاون کا نفاذ خارج از امکان ہے۔