بہار میں ترقی اور سماجی انصاف کی جیت ہوئی ہے: مودی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-11-2025
بہار میں ترقی اور سماجی انصاف کی جیت ہوئی ہے: مودی
بہار میں ترقی اور سماجی انصاف کی جیت ہوئی ہے: مودی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز بہار میں این ڈی اے کی شاندار جیت کی جانب پیش قدمی کو اچھے طرزِ حکمرانی، ترقی، عوامی فلاح اور سماجی انصاف کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ زبردست مینڈیٹ عوام کی خدمت کرنے اور ریاست کے لیے نئے عزم کے ساتھ کام کرنے کی طاقت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ یقینی بنایا جائے گا کہ یہاں کی نوجوان طاقت اور خواتین طاقت کو بہتر اور خوشحال زندگی کے لیے بھرپور مواقع ملیں۔
مودی نے "ایکس" پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ اچھے حکمرانی کی جیت ہوئی ہے۔ ترقی کی جیت ہوئی ہے۔ عوامی فلاح کی جیت ہوئی ہے۔ سماجی انصاف کی جیت ہوئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ این ڈی اے نے ریاست کی ہمہ گیر ترقی کی ہے۔ لوگوں نے ہمارے ریکارڈ اور ریاست کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے ہمارے وژن کی بنیاد پر ہمیں ووٹ دیا ہے۔ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار جی اور این ڈی اے کے ہمارے ساتھیوں چراغ پاسوان جی، جیتن رام مانجھی جی اور اوپیندر کشواہا جی کو اس تاریخی جیت پر مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بہار کے میرے پیارے اہلِ خانہ کا بہت بہت شکریہ، جنہوں نے 2025 کے اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کو تاریخی اور بے مثال کامیابی کا آشیرواد دیا۔ یہ زبردست مینڈیٹ ہمیں عوام کی خدمت کرنے اور بہار کے لیے نئے عزم کے ساتھ کام کرنے کی طاقت دے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میں این ڈی اے کے ہر کارکن کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے انتھک محنت کی۔ وہ عوام کے درمیان گئے، ہمارے ترقیاتی ایجنڈے کو پیش کیا اور اپوزیشن کے ہر جھوٹ کا مضبوطی سے جواب دیا۔ میں ان کی دل سے ستائش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں بہار کی ترقی، یہاں کے بنیادی ڈھانچے اور ریاست کی ثقافت کو نئی پہچان دینے کے لیے بھرپور کام کیا جائے گا۔
مودی نے کہا کہ ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ یہاں کی نوجوان طاقت اور ناری شکتی کو خوشحال زندگی کے لیے وسیع مواقع ملیں۔