کشمیر: سیاحت کا سنہری دور،ابتک 80 لاکھ سیاحوں کی آمد

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
 کشمیر: سیاحت کا سنہری دور،ابتک  80 لاکھ  سیاحوں کی آمد
کشمیر: سیاحت کا سنہری دور،ابتک 80 لاکھ سیاحوں کی آمد

 

 

آریش بلال، سری نگر

اس سال اب تک 80 لاکھ سے زیادہ سیاحوں نے وادی کشمیر کا دورہ کیا ہے۔ گذشتہ دو سالوں میں سیاحت کی صنعت میں وادی میں جو نقصانات ہوئے تھے، رواں سال وہ دور ہوگئے۔ گزشتہ چند مہینوں کو جموں و کشمیر کے لیفٹینٹ گورنرمنوج سنہا نے وادی کی سیاحت کا سنہری دور قرار دیا ہے۔ وہ بذات خود وادی میں سیاحت کی صنعت کی بحالی کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ایل جی منوج سنہا نے حال ہی میں کہا کہ پہلی دفعہ ایسا ہوا کہ بڑی تعداد میں لوگ وادی کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔ یہ کشمیر کی تاریخ میں سیاحت کا ایک سنہری دور ہے اور ہمیں اس دور سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں میں 80 لاکھ سے زائد سیاحوں نے وادی کشمیر کا دورہ کیا ہے، جو کہ گذشتہ 10-20 سالوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔ وہیں فلائٹ آپریشنز نے بھی پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں آج تمام ہوٹلوں کی پیشگی بکنگ ہے اور ہندوستان کی دوسری ریاستوں کے لوگوں کو سری نگر کے لیے ہوائی ٹکٹ حاصل کرنا مشکل ہو رہا ہے۔

کشمیر میں محکمہ سیاحت، سیاحت کے شعبے کو نئے سرے سے بحال کرنے کے لیےاوورٹائم کام کر رہا ہے اور جموں و کشمیر میں سیاحوں کی ریکارڈ توڑ آمد ہو رہی ہے۔ ملک کے دلکش و مشہور مقامات پر سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یہ سب لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی محکمہ سیاحت کے تئیں دلچسپی کا بین ثبوت ہے۔ وہ سیاحت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

awaz

وادی میں سیاحوں کی آمد جاری

جموں و کشمیر کے اندر 75 ایسے خاص مقامات ہیں، جو تاریخی، قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی اہمیت کے حامل ہیں۔ جموں و کشمیر ٹورسٹ ویلج نیٹ ورک کے علاوہ مرکزی علاقے میں مختلف مذہبی مقامات پر سیاح جانا پسند کرتے ہیں۔ اس کی طرف بھی خاص توجہ دی گئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے ان اقدامات کا مقصد نوجوانوں اور خواتین کو براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس سے نہ صرف نوجوانوں اور خواتین کو روزگار ملے گا بلکہ ان اقدامات سے بہت کم آبادی والی معیشت اور مقامی کاروبار کو بھی فروغ ملے گا۔ حکام کے مطابق یہ 75 مقامات ایڈونچر کے متلاشیوں، ٹریکروں اور بین الاقوامی سیاحوں کو فطرت کے بیابانوں کا تجربہ فراہم کریں گے اور ان علاقے میں ہوم اسٹیز، نیچر گائیڈز، ٹریک آپریٹرز، فوڈ اسٹالز، کے ذریعے روزی روٹی پیدا کریں گے۔

awaz

خوبصورت ڈل لیک کا منظر


واضح رہے کہ مرکزی حکومت ضروری وسائل اور مدد کے ساتھ جموں و کشمیر کے محکمہ سیاحت کی کوششوں کو بڑھا رہی ہے۔ اس کے لیے 786 کروڑ روپے کے ریکارڈ بجٹ مختص کئے گئے ہیں، یہ لبرل فنڈنگ کے تحت ہے۔  یہ پچھلے بجٹ کی مختص رقم سے 509 کروڑ زیادہ ہے۔ جموں اور کشمیر میں سیاحتی صنعت کے بنیادی ڈھانچے اور متعلقہ خدمات کو بہتر بنانے کے لئے مرکزی حکومت فعال دکھائی دے رہی ہے۔ انتظامیہ نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھی کئی اقدامات کیے ہیں کہ جموں و سری نگر کے ہوائی اڈوں پر ہوائی ٹریفک مستقبل میں بغیر کسی رکاوٹ کے بڑھے تاکہ اس علاقے میں تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے۔ 

حکام نے بتایا وزارت شہری ہوا بازی نے ہر ہفتے سری نگر-شارجہ کی پانچ پروازوں کو باقاعدہ بنیادوں پر منظور کیا ہے۔ اسی طرح جنوری سے 27 اپریل کے درمیان 5,85,653 سے زیادہ سیاحوں نے وادی کشمیر کا دورہ کیا، جو کہ پچھلے سال کے اسی عرصے کے دوران 1.26 لاکھ کے اعداد و شمار سے پانچ گنا زیادہ ہے۔ جموں ہوائی اڈے نے حال ہی میں مارچ میں 1,346 پروازوں پر 1.54 لاکھ مسافروں کی آمد ہوئی۔ جو اپنے آپ میں ایک بڑا ریکارڈ ہے۔