گوا کے نائٹ کلب میں آگ ، 25 ہلاک، 6زخمی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 07-12-2025
گوا کے نائٹ کلب میں آگ ، 25 ہلاک، 6زخمی
گوا کے نائٹ کلب میں آگ ، 25 ہلاک، 6زخمی

 



پنجی: شمالی گووا کے ایک نائٹ کلب میں گزشتہ رات شدید آگ لگنے سے کم از کم 25 افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔ اس سے قبل پولیس نے بتایا تھا کہ واقعے میں 23 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جس کے بعد پولیس نے مزید دو اموات کی تصدیق کی۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شمالی گووا کے اَروپورا میں واقع ‘برچ بائے رومیو لین’ نامی نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 25 افراد ہلاک ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں چار سیاح اور نائٹ کلب کے 14 ملازمین شامل ہیں، جبکہ دیگر سات کی شناخت کی جارہی ہے۔

ایک اہلکار نے بتایا کہ زخمی چھ افراد کا فی الحال پنجی کے قریب بَمبولِم میں واقع گووا میڈیکل کالج و اسپتال میں علاج جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جارہی ہے۔ اہلکار نے کہا، پولیس اور فائر بریگیڈ تحقیقات کر رہے ہیں اور قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پرمود ساونت نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق نائٹ کلب نے آگ سے متعلق حفاظتی معیار پر عمل نہیں کیا تھا۔ ساونت نے کہا، ہم کلب کے انتظامیہ اور اُن افسران کے خلاف کارروائی کریں گے جنہوں نے حفاظتی معیار کی خلاف ورزی کی۔ ساونت نے کہا، ساحلی ریاست میں یہ افسوسناک واقعہ ایسے وقت ہوا ہے جب بڑی تعداد میں سیاح یہاں آتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا،ہم واقعے کی گہرائی سے جانچ کریں گے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔