خود کو اور دوسروں کو وبائی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹیکہ لگائیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2021
اہم اپیل
اہم اپیل

 

 

 حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں حکومت ہند و حکومت تلنگانہ کے تعاون سے مفت کویڈ -19 ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز ہوا۔ 13 تا 15 جولائی چلنے والی اس مہم میں یونیورسٹی کے طلبہ، اساتذہ، غیر تدریسی و تدریسی عملہ اور ان کے متعلقین کے علاوہ کنٹراکٹ ملازمین، ہاﺅس کیپنگ و سیکوریٹی عملہ کو بھی مفت ٹیکے فراہم کیے جارہے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، وائس چانسلر انچارج نے کہا کہ ٹیکہ لینا سب کے لیے ضروری ہے۔

چونکہ اس کی قیمت بہت زیادہ ہے ، اس لیے یونیورسٹی کی جانب سے یہاں کے طلبہ و عملہ کے لیے یہ مفت میں فراہم کیا جارہا ہے۔ اگر ہم متا ثر ہوتے ہیں اور دوسروں کو متاثر کرتے ہوئے ان کی موت کا باعث بنتے ہیں تو یہ انتہائی بڑا گناہ ہے۔ اس سے بچنے کی ضرورت ہے۔

موجودہ حالات میں کویڈ - 19 کی تیسری لہر کے متعلق افواہیں ہیں۔ ایسے میں بھی ہماری ذمہ داری ہے کہ اگر ہم نے ٹیکہ نہیں لیا ہے تو اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ پروفیسر رحمت اللہ نے نہایت قیمتی ٹیکہ کی مفت فراہم کے لیے بالخصوص مرکزی حکومت اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مہم کے تمام ذمہ داران اور ہیلتھ سنٹر عملہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج نے کہا کہ پروفیسر علیم اشرف جائسی، ڈین بہبودی ¿ طلبہ و صدر نشین کویڈ 19 مانیٹرنگ کمیٹی اور ان کی ٹیم کی انتھک کاوشوں سے اس مہم کا اہتمام کیا جاسکا اس کے لیے تمام ذمہ داران قابل ستائش و مبارکباد ہیں۔

انہوں نے حاضرین سے خواہش کی کہ وہ لوگوں کو بہتر انداز میں ٹیکہ کے فوائد کے متعلق بتائیں اور انہیں اس سے استفادہ کے لیے ترغیب دلائیں۔ پروفیسر علیم اشرف جائسی نے کہا کہ ڈی ایس ڈبلیو کی ٹیم اور کویڈ 19 مانیٹرنگ کمیٹی کے اراکین کے علاوہ ڈاکٹر عبدالکریم کی انتھک کوششوں سے مہم کا انعقاد عمل میں آیا۔ ڈاکٹر خواجہ محمد ضیاءالدین، اسسٹنٹ ڈین بہبودی طلبہ نے کاروائی چلائی۔ ڈاکٹر قطب الدین انصاری، انچارج ہیلتھ سنٹر نے شکریہ ادا کیا۔