نئی دہلی / آواز دی وائس
لیبیا کے سابق آمر معمر قذافی کے سب سے چھوٹے بیٹے حنیبل قذافی کو تقریباً دس سال تک بغیر کسی مقدمے کے قید میں رکھنے کے بعد لبنان نے رہا کر دیا ہے۔ اب 49 سال کے ہو چکے حنیبل قذافی کو لبنانی حکام نے 2015 میں گرفتار کیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے 1978 میں لیبیا میں لاپتہ ہونے والے لبنانی شیعہ مذہبی رہنما امام موسیٰ صدر کے بارے میں معلومات چھپائی تھیں۔ تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ جب امام موسیٰ صدر لاپتہ ہوئے تھے تب حنیبل قذافی کی عمر صرف دو سال تھی۔ ان دس برسوں میں ان پر کبھی مقدمہ نہیں چلایا گیا۔
ان کے وکیل لوراں بیّون نے بتایا کہ 9 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 8 کروڑ روپے) کی ضمانت ادا کرنے پر ان کی رہائی عمل میں آئی۔ بیّون نے پیر کے روز بتایا کہ آج صبح ضمانت کی رقم ادا کر دی گئی ہے... حنیبل قذافی بالآخر آزاد ہو جائیں گے۔ یہ ان کے لیے دس سال طویل خوفناک خواب کا اختتام ہے۔
اس سے قبل اکتوبر میں ایک جج نے قذافی کی رہائی کا حکم دیا تھا، جس کے لیے 1 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی ضمانت مقرر کی گئی تھی، مگر پچھلے ہفتے اپیل کے بعد اسے گھٹا کر 9 لاکھ ڈالر کر دیا گیا۔
شوہر کے قتل اور تختہ الٹنے کے بعد بدلی زندگی
۔2015 میں حنیبل قذافی کو لبنان میں ایک مسلح گروہ نے کچھ وقت کے لیے اغوا کر لیا تھا۔ بعد میں آزاد ہونے کے فوراً بعد لبنانی حکام نے انہیں اپنی حراست میں لے لیا۔ 2011 میں جب باغیوں نے ان کے والد معمر قذافی کی حکومت کا تختہ الٹا اور انہیں قتل کر دیا تو حنیبل قذافی شام چلے گئے، اور بعد میں اپنی اہلیہ ایلین سکاف کے ساتھ عمان میں نظر بند رہے۔ اپنے والد کے اقتدار کے خاتمے سے پہلے وہ اپنی شاہانہ اور عیش و عشرت بھری زندگی کے لیے مشہور تھے۔
۔1978 میں لیبیا میں شیعہ رہنما موسیٰ الصدر کا لاپتہ ہونا کئی دہائیوں سے لیبیا اور لبنان کے درمیان کشیدگی کی ایک بڑی وجہ رہا ہے۔ حالانکہ اُس وقت حنیبل قذافی کی عمر صرف دو سال تھی، اور جوانی میں بھی ان کے پاس لیبیا میں کوئی اہم سرکاری عہدہ نہیں تھا۔