منموہن سنگھ کی صحت مستحکم

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 14-10-2021
 منموہن سنگھ کی صحت مستحکم
منموہن سنگھ کی صحت مستحکم

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

  وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کی صبح سابق وزیر اعظم اور کانگریس کے سینئر رہنما منموہن سنگھ کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

مودی نے ٹویٹ کیا کہ’میں ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کی اچھی صحت اور جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتا ہوں‘۔

 خیال رہے کہ صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر منسوکھ مانڈویہ آج صبح نئی دہلی میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) پہنچے اور سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔

سابق وزیراعظم کو طبیعت بگڑنے پر بدھ کی شام ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ مانڈویہ نے ڈاکٹروں سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا جو ڈاکٹر سنگھ کا علاج کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کانگریس کے سینیئر رہنما ، سابق وزیر اعظم کو بخار اور کمزوری کی شکایت کے بعد دہلی کے ایمس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر سنگھ کی حالت مستحکم ہے اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی نگرانی کر رہی ہے۔

ڈاکٹر سنگھ اس سال اپریل میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے اور تب بھی انھیں ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ سابق وزیر اعظم نے امسال 4 مارچ اور 3 اپریل کو کووڈ ویکسین لی تھی۔ ڈاکٹر سنگھ اس وقت راجستھان سے راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ وہ سنہ 2004 سے 2014 تک وزیر اعظم رہے۔ 2009 میں ان کے دل کا ایمس میں ہی آپریشن کیا گیا تھا۔