جامعہ: پروفیسرشکیل احمد ورلڈ اکیڈمی آف سائنس،اٹلی کے فیلو منتخب

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-11-2021
جامعہ: پروفیسرشکیل احمد ورلڈ اکیڈمی آف سائنس،اٹلی کے فیلو منتخب
جامعہ: پروفیسرشکیل احمد ورلڈ اکیڈمی آف سائنس،اٹلی کے فیلو منتخب

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

پروفیسر شکیل احمدجنھو ں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ایم کے گاندھی چیئرپروفیسر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دی ہیں انھیں ’دی ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز (ٹی ڈبلیو اے ایس) ٹرائیسٹے، اٹلی کا فیلو منتخب کیا گیا ہے۔

ترقی پذیر ملک میں سائنس کی ترقی کے لیے انھیں اس بین الاقوامی مؤقر اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ٹی ڈبلیو اے ایس تحقیق، تعلیم،پالیسی اور سفارت کے توسط سے پائدار خوشحالی کو تعاون دیتی ہے۔

پروفیسر شکیل احمد کا خاص میدان آبی سائنس ہے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں اپنی دو سالہ میعاد (2018 تا2020) کے دوران انھوں نے سینٹر فار ڈزاسٹر مینجمنٹ اور شعبہ جغرافیہ میں تدریسی خدمات انجام دیں تھی۔

آبی قدرتی آفات اور آب و ہوا کی تبدیلی سے متعلق ترقی یافتہ تدریس میں انھیں غیر معمولی تجربہ حاصل تھا۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ کو پروفیسر موصوف کی غیر معمولی خدمات حاصل رہی ہیں۔ انتہائی اہمیت رکھنے والے بین الاقوامی جرائد و رسائل میں ان کے تیرہ تحقیقی مقالات شائع ہوچکے ہیں اس کے ساتھ ہی آئی این ایس اے،اسپرنگر اور ایلسیویر کی شائع شدہ تحقیق و تدوین سے متعلق کتابوں میں ان کے تین ابواب شامل ہیں۔

جامعہ میں ان کے دوسالہ قیام کے دوران انھیں نیشنل اکیڈمی آف سائنسز آف انڈیا (این اے ایس آئی) کا فیلو منتخب کیا گیا تھا۔ پروفیسر شکیل احمد،پروفیسر عتیق الرحمان شعبہ جغرافیہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ساتھ ملک کے دیگر اہم سائنس دانوں اور ماہرین کے ساتھ ہندوستان سے مونٹ پیلیئر،فرانس جانے والی ایک اعلی سطحی وفد کی سربراہی کریں گے۔

یہ وفد فرانس کے اپنے ہم منصب وفد سے مئی دوہزاربائیس میں واٹر مینجمنٹ پر آب وہوا کی تبدیلی کے اثرات کاجائزہ لینے کے لیے تبادلہ خیال کرے گا۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں آنے سے قبل، انھوں نے 37 برسوں تک سی ایس آئی آر جیو فیزیکل رسرچ انسٹی ٹیوٹ،حیدرآباد میں بطو ر سائنس داں اپنی خدمات انجام دیں اور مذکورہ ادارے کے سب سے اہم سائنس داں کے عہدے پر فائز ہوئے۔

نیشنل اکوئیفر میپنگ ان انڈیا میں کلیدی رول کے بشمول انھوں نے ارضی سائنس سے متعلق قومی او ربین الاقوامی اہم پراجیکٹوں کی سربراہی کی ہے۔

پروفیسر احمد یونیسکو کے ایک انتہائی اہم پروگرام ایشین جی ڈبلیو اے ڈی آئی کے سیکریٹریٹ میں اس کے سیکریٹری کے طور پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

انھیں نیشنل جیو سائنس ایوارڈ اور بین الاقوامی انعام برائے آبی سائنس سمیت ان گنت انعام مل چکے ہیں۔ پروفیسر احمد نے ہند۔فرانسیسی سینٹر فار گراؤنڈ واٹر رسرچ،حیدرآبادکی تقریباً دو دہائیوں تک بطور بنیادگزار سربراہ اس کی قیادت کی ہے۔

وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ویزیٹنگ فیلو اور کشمیر یونیورسٹی کے ویزیٹنگ پروفیسر رہ چکے ہیں اور ابھی وہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی،حیدر آباد کے اسکول آف سائنسز میں بطور کنسلٹنٹ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔