نئی دہلی: ہنر مندی کی ترقی اور صنعت کاری کے مرکزی وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) جینت چودھری نے آج پانچ نئی سولر کمیونٹی ہب اسکل وینوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔ ان کا مقصد پورے ہندوستان میں ڈیجیٹل رسائی کو فروغ دینا اور مستقبل کے تقاضوں کے مطابق مہارتیں فراہم کرنا ہے۔
ہنر مندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت کے مطابق، یہ پہل ڈیل ٹیکنالوجیز اور نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ڈی سی) کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے، جبکہ لرننگ لنکس فاؤنڈیشن اسے نافذ کر رہی ہے۔ یہ منصوبہ شمسی توانائی سے چلنے والے اور ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیمی نظام کے ذریعے ڈیجیٹل خلیج کو کم کرنے کی کوششوں کا اگلا مرحلہ ہے
۔ یہ اسکل وینیں اتر پردیش، دہلی/این سی آر، کرناٹک، تلنگانہ اور مہاراشٹر میں چلائی جائیں گی اور نوجوانوں، خواتین اور پسماندہ طبقات تک پہنچیں گی۔ ان وینوں میں شمسی توانائی، لیپ ٹاپ، انٹرایکٹو اسکرینیں، انٹرنیٹ سہولت اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی تعلیمی آلات نصب ہیں۔ انہیں اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ کمیونٹی کی سطح پر ہی ہنر سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اس موقع پر جینت چودھری نے کہا: ’’سولر کمیونٹی ہب اسکل وینیں ملک کے ہر کونے تک ٹیکنالوجی اور مواقع پہنچانے کے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاس ہیں۔ یہ صرف ڈیجیٹل مراکز نہیں بلکہ امید کے مراکز ہیں، جو صاف توانائی، اے آئی پر مبنی تعلیم اور صنعت کی ضروریات کے مطابق مہارتوں کو یکجا کرکے نوجوانوں کو مستقبل کے مواقع کے لیے تیار کرتے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس مشترکہ کوشش کے لیے ڈیل ٹیکنالوجیز اور این ایس ڈی سی کو مبارک باد دیتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ مراکز کمیونٹیوں کو بااختیار بنائیں گے اور جامع ترقی کے ساتھ مستقبل کے لیے تیار افرادی قوت کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوں گے۔ ڈیل ٹیکنالوجیز انڈیا کے صدر اور منیجنگ ڈائریکٹر منیش گپتا نے کہا: ’’ڈیل ٹیکنالوجیز ہندوستان کے جامع اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کے وژن کے لیے پُرعزم ہے۔
سولر کمیونٹی ہب اسکل وینیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ جب حکومت، صنعت اور کمیونٹیز ایک مشترکہ مقصد کے لیے متحد ہو جائیں تو کیا کچھ ممکن ہو سکتا ہے۔ یہ وینیں سیکھنے والوں اور کارکنوں کی ایک نئی نسل کو ان کے اپنے علاقوں میں مستقبل کی ملازمتوں کے لیے تیار کریں گی۔‘‘
وزارت کے مطابق، ان وینوں کے ذریعے دی جانے والی تربیت ابھرتی ہوئی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہے اور شرکا کو مستقبل کے کرداروں کے لیے تیار کرتی ہے۔ مالی سال 2023 میں آغاز کے بعد سے یہ پہل 14 ریاستوں کے 18 اضلاع تک پہنچ چکی ہے اور براہِ راست 26.7 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچا چکی ہے۔ عالمی سطح پر یہ پروگرام 12 ممالک میں 63 اسکل وینیں چلا رہا ہے۔