اسد الدین اویسی کے خلاف دہلی میں ایف آئی آر درج

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
 اسد الدین اویسی کے خلاف دہلی میں ایف آئی آر  درج
اسد الدین اویسی کے خلاف دہلی میں ایف آئی آر درج

 

 

نئی دہلی: دہلی پولیس نے اشتعال انگیز تقریر کو لے کر ایک بڑی کارروائی کے دوران رکن پارلیمان اسد الدین اویسی کے خلاف ایف آئی آر  درج کیا ہے۔

یہ ایف آئی آر سوشل میڈیا پر دیے گئے اشتعال انگیز بیان سے متعلق ہے، اسے دہلی پولیس کی 'انٹیلی جنس فیوژن اینڈ اسٹریٹجک آپریشن' (IFSO) برانچ نے درج کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اپنے متنازعہ بیانات کو لے کر بحث میں رہنے والے نرسمہانند کا نام بھی اس ایف آئی آر میں ہے۔

ایف آئی آر پر دہلی پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ سوشل میڈیا کے تجزیہ کے بعد دو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ ان لوگوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں جو مسلسل امن عامہ کے خلاف پیغامات پوسٹ اور شیئر کر رہے تھے اور اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعے لوگوں کو اکسا رہے تھے۔

دونوں ایف آئی آر آئی پی سی کی دفعہ 153، 295 اور 505 کے تحت درج کی گئی ہیں۔ ایک ایف آئی آر نوپور شرما کے خلاف ہے جب کہ دوسری ایف آئی آر میں نوین کمار جندل، شاداب چوہان، صبا نقوی، مولانا مفتی ندیم، عبدالرحمان، گلزار انصاری، انیل کمار مینا، پوجا شکون، اسد الدین اویسی اور نرسمہانند کے نام بھی درج ہیں۔

دہلی پولیس کا الزام ہے کہ تمام ملزمان مبینہ طور پر نفرت انگیز پیغامات پھیلا رہے تھے، مختلف گروپوں کو اکسا رہے تھے اور ایسی صورتحال پیدا کر رہے تھے جو امن کی بحالی کے لیے نقصان دہ ہے۔

 اشتعال انگیز تقاریر سے متعلق ایف آئی آر کے بعد اے آئی ایم آئی ایم کے کارکن بڑی تعداد میں دہلی کے سنسد مارگ پولیس اسٹیشن کے باہر پہنچے اور ایف آئی آر میں اویسی کا نام لینے کے لیے تھانے کے باہر احتجاج کیا۔ اس دوران ہنگامہ کرنے والے کئی کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

 نئی دہلی:رکن پارلیمان اسدالدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے کارکنوں نے نوپور شرما کے پیغمبر اسلام کے بارے میں متنازعہ تبصرے پر جمعرات کو دہلی میں مظاہرہ کیا۔ انہوں نے جنتر منتر کے قریب اس پر احتجاج کیا اور اس دوران ان میں سے کچھ کارکنوں کی پولیس اہلکاروں سے جھڑپ ہوگئی۔ حالات پرقابو پانے کے لیے پولیس کو اسے حراست میں لینا پڑا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اے آئی ایم آئی ایم نے یہ مظاہرہ جمعرات کی دوپہر کو خبرآنے کے بعد کیا کہ اویسی کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اسی دوران پیغمبر اسلام کے خلاف متنازعہ تبصرہ کرنے پر بی جے پی سے نکالے گئے نوین کمار جندل نے کہا ہے کہ انہیں مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔ اس دوران ان پر ذہنی دباؤ بھی رہتا ہے۔ گھر والوں پر بھی دباؤ ہے۔ انہوں نے یہ باتیں جمعرات (9 جون 2022) کو ایک ہندی چینل سے بات چیت کے دوران کہیں۔

پارٹی کی کارروائی پر سوال پوچھے جانے پر انہوں نے کہا- اس معاملے پر میرا کوئی تبصرہ نہیں ہے۔ میں اس پر بحث نہیں کرنا چاہتا۔ وزیراعظم نریندرمودی اور امت شاہ نے ملک کے لیے جو کچھ کیا ہے اس زمین پر کسی بھی سیاستدان نے نہیں کیا۔ ملکی دفاع کے لیے کوئی بھی قربانی دی جائے تو اس کی پرواہ نہیں کرنی چاہیے۔

اس سے قبل دہلی پولیس نے بدھ کو کہا کہ اس نے کچھ لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جو مبینہ طور پر نفرت انگیز پیغامات پھیلا رہے ہیں، مختلف گروہوں کو اکسا رہے ہیں اور ایسی صورتحال پیدا کر رہے ہیں جس سے امن و امان کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ نوین کمار جندل، شاداب چوہان، صبا نقوی، مولانا مفتی ندیم، عبدالرحمن اور گلزار انصاری کو اسپیشل سیل کے انٹیلی جنس فیوژن اینڈ اسٹریٹجک آپریشن(IFSO) یونٹ کی طرف سے درج ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔

آئی ایف ایس سی کے ڈپٹی کمشنر پولیس کے پی ایس ملہوترا نے کہا کہ ایف آئی آر مختلف مذاہب کے لوگوں کے خلاف درج کی گئی ہے۔