حکومت ایم ایس پی کی ضمانت دے، ہم واپس چلے جائیں گے: کسان

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-11-2021
 حکومت ایم ایس پی کی ضمانت دے، ہم واپس چلے جائیں گے: کسان
حکومت ایم ایس پی کی ضمانت دے، ہم واپس چلے جائیں گے: کسان

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

گذشتہ دنوں وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے نئے زرعی قوانین کی منسوخی کا اعلان کیا گیا، اس کے بعد بھارتیہ کسان یونین کی جانب سے مختلف قسم کے ردعمل آنے شروع ہوگئے۔

کسانوں نے کہا کہ شکرہے وزیراعظم نریندر مودی نے ہماری بات سمجھ لی۔ اب وہ ایم ایس پی کی ضمانت دیں، ہم گھر واپس آئیں گے۔ ہم حکومت کے فیصلے سے مطمئن ہیں۔ اب اگر حکومت ایم ایس پی کا حق دیتی ہے تو ہم واپس چلے جائیں گے۔

دھرنے پر بیٹھے ہوئے روپیندر سنگھ کہتے ہیں کہ میں یہاں پچھلے ایک سال سے ہوں۔ کبھی گھر نہیں گیا. جب میں بیمار ہوا تو بھی میں یہیں رہا۔ میں حلف لے کر گھر سے نکلا تھا کہ قانون کی منسوخی کے بعد ہی واپس جاؤں گا۔ اب احتجاج ختم ہوگا تب ہی واپس آؤں گا۔ میری فیملی بھی میرے ساتھ کھڑی تھی۔ میرے بچے یہاں ملنے آتے تھے۔

وہ کہتے ہیں، 'اب میں اپنی آنے والی نسلوں کو بتا سکوں گا کہ میں نے ان کے لیے کیا کیا ہے۔ ہماری آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی کہ ہمارے دادا ہمارے حقوق کے لیے ایسی سردیوں اور گرمی میں بیٹھ گئے۔

وہیں فتح گڑھ صاحب سے آئے بھوپندر سنگھ کہتے ہیں، 'ہم قانون کو منسوخ کرنے کے لیے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ کسانوں نے سردیاں، گرمیاں، بارشیں سڑکوں پر گزاریں، اب حکومت جتنی جلدی تمام مسائل حل کرے گی، اتنی ہی جلد ہم گھروں کو لوٹیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو معلوم تھا کہ یہ قوانین غلط ہیں، پھر وہ ہمیں سمجھانے کی کوشش کرتی رہی۔ پورا سال حکومت نے اسی طرح گزارا۔ حکومت کو یہ قانون بنانے سے پہلے کسانوں سے مشورہ کرنا چاہیے تھا۔ کسانوں کے لیے جو بھی قانون بنایا جائے، وہ کسانوں کو اعتماد میں لے کر ہی بنایا جائے۔

بھوپندر کہتے ہیں، 'حکومت نے اس محاذ کو ختم کرنے کی بہت کوشش کی، لیکن ناکام رہی۔ کبھی کسانوں کو دہشت گرد کہا جاتا تھا، کبھی نکسل اور خالصتانی کہا جاتا تھا۔ کسانوں نے صبر کیا۔ ہمیں نالے کے کیڑے بھی بتائے گئے لیکن ہمارے لیڈروں نے یہ دھرنا پرامن طریقے سے جاری رکھا۔

امن اور صبر ہی نے اس دھرنے کو کامیاب بنایا ہے۔ ہمارے لیڈر ہمیشہ کہتے تھے کہ کچھ بھی ہو جائے ہم پرامن دھرنا جاری رکھیں گے۔ اب ایسا لگتا ہے کہ کسانوں کی تحریک اپنے انجام کو پہنچ رہی ہے اور کسان دہلی کے مضافات سے اپنے خیمے اٹھا لیں گے، لیکن پچھلے ایک سال سے احتجاج کرنے والے کسانوں پر بہت بھاری رہا ہے۔