دلیپ کمار کی صحت پر جھوٹی خبریں ۔سائرہ بانو کی برہمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-06-2021
دلیپ کمار
دلیپ کمار

 

 

  ممبئی:بالی ووڈ کے شہنشاہ جذبات اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی طبیعت ناساز تھی جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ مگر اس کے بعد سے ان کی صحت کے بارے میں افواہوں نے سائرہ بانو کو برہم کردیا ہے۔ان کی اہلیہ اداکارہ سائرہ بانو نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو جھوٹی خبروں پر دھیان نے دینے کی اپیل کی ہے۔

دلیپ کمار کو گزشتہ روز 6 جون کو سانس لینے میں دشواری کے باعث ممبئی کے ہندوجا ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔ اداکار کی ابتدائی ٹیسٹ کیے جانے کے بعد ہسپتال انتظامیہ کے حوالے سے بتایا تھا کہ اداکار کوآکسیجن سپورٹ فراہم کی گئی ہے، ان کے پھیپھڑوں میں پانی بھر جانے کی تشخیص ہوئی جس کے ساتھ خون میں آکسیجن کی سطح بھی کم ہوگئی تھی'۔ تاہم لیجنڈری اداکار سے متعلق بھارت کی سوشل میڈیا اور خصوصی طور پر واٹس ایپ کے ذریعے جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں، جس پر کئی لوگوں میں تشویش پھیل گئی۔

سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلنے کے بعد دلیپ کمار کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ چلانے والی ٹیم اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے ٹوئٹ کی کہ برائے مہربانی افواہوں پر کان نہ دھریں۔

 

دلیپ کمار کےآفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ٹوئٹ کی گئی کہ واٹس ایپ پر پھیلنے والے پیغامات پر یقین نہ کریں، لیجنڈری اداکار کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے اور انہیں 2 سے تین دنوں میں گھر منتقل کردیا جائے گا۔

 

پشاور میں 11 دسمبر 1922 کو پیدا ہونے والے دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان ہے اور انہوں نے 1944 میں 22 سال کی عمر میں فلم 'جوار بھاٹا' سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ وہ 'انداز'، 'داغ'، 'رام اور شام'، 'نیا دور'، 'مدھومتی' اور 'آدمی' جیسی کئی سپر ہٹ فلموں کا حصہ تھے۔ انہوں نے بہت سی فلموں میں مختلف قسم کے کردار ادا کیے لیکن 'مغل اعظم' میں ان کی رومانوی اداکاری اور 'رام اور شام' میں ان کے کردار کو آج بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔ ان کی آخری فلم ‘قلعہ’ 1998 میں ریلیز ہوئی تھی, دلیپ کمار کو 1991 میں پدمابھوشن، 1994 میں دادا صاحب پھالکے اور 2015 میں پدماوی بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔