فیس بک اور گوگل کو نئے آئی ٹی قوانین پر عمل کرنے کی ہدایت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-06-2021
قانونی جنگ اور رسہ کشی جاری
قانونی جنگ اور رسہ کشی جاری

 

 

نئی دہلی :انفارمیشن ٹیکناجی سے متعلق پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے فیس بک اور گوگل کو نئے آئی ٹی قوانین پر عمل کرنے اور ہندوستان کے قوانین پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ نئے آئی ٹی قوانین کو لے کر پارلیمانی کمیٹی نے فیس بک اور گوگل کے افسران کو طلب کیا تھا ۔ فیس بک انڈیا کے افسران نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے غلط استعمال کے معاملہ پر منگل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے سامنے اپنا موقف پیش کیا ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور اس کمیٹی کے صدر ہیں ۔ فیس بک کے ہندوستان میں پبلک پالیسی کے ڈائریکٹر شیوناتھ ٹھکرال اور جنرل کاونسل نمرتا سنگھ نے کمیٹی کے سامنے اپنی بات پیش کی ۔

 وہیں گوگل کے افسران نے کہا کہ جنوری سے مارچ 2021 کے درمیان یوٹیوب نے کمیونٹی گائیڈلائنس کو توڑنے والے ساڑھے نو ملین ویڈیوز کو ہٹایا تھا ۔ اس میں 95 فیصد ویڈیوز کے بارے میں انسان نے نہیں بلکہ مشینوں نے آگاہ کیا تھا ۔ مشینوں کے ذریعہ ڈیٹیکٹ کئے گئے ویڈیوز میں 27.8 فیصد ویڈیوز میں ایک بھی ویوز نہیں تھا جبکہ 39 فیصد میں ایک سے دس ویز تھے  افسران نے کمیٹی کو بتایا کہ اسی سہ ماہی کے دوران یوٹیوب نے اپنی کمیونٹی گائیڈلائنس کی خلاف ورزی کرنے کیلئے 2.2 ملین سے زیادہ چینلوں کو ختم کردیا ۔ اسی مدت میں یوٹیوب نے ایک ارب سے زیادہ کمنٹس کو ہٹایا ، جن میں سے زیادہ تر اسپیم تھے اور انہیں آٹومیٹیکلی ڈیٹیکٹ کیا گیا تھا ۔