عیدالاضحیٰ۔ صدر، نائب صدر اور پی ایم کی مبارک باد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-07-2021
عیدالاضحیٰ کی مبارک باد
عیدالاضحیٰ کی مبارک باد

 

 

آواز دی وائس :نئی دہلی

ہندوستان کے صدر جمہوریہ جناب رامناتھ کووند نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارک باد دی ہے۔

اپنے ایک پیغام میں صدر جمہوریہ نے کہا ’’عیدالاضحیٰ کے اس موقع پر میں ملک کے تمام شہریوں خاص طورسے ہمارے مسلم بھائی اور بہنوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتاہوں۔

عیدالاضحیٰ محبت ، بے غرضی اور قربانی کا ایک تہوار ہے اور ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم ایک تکسیری معاشرے میں اتحاد اور بھائی چارے کے لئے مل کرکام کریں۔

عید کا تہوار اپنی خوشیاں بانٹنے اور مفلس و بے سہارا لوگوں کی مدد کرنےکا موقع فراہم کرتا ہے۔ آئیے ہم کووڈ-19سے لڑنے کا عہد کریں اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اقدامات کریں اور ساتھ ہی ساتھ سماج کے ہر فرقے کی خوشی اور بھلائی کے لئے کام کریں۔

 نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی ۔

انہوں نے ایک پیغام میں کہا کہ  میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں اور نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

 قربانی کا تہوار عیدالاضحیٰ خدا کے لئے انتہائی عقیدت کا نمونہ ہے۔

 ہمارے ملک میں تہوار خاندانوں اور کمیونٹیز کے لئے ساتھ مل کر خوشیاں منانے کا موقع ہوتا ہے۔لیکن کووڈ-19 کی جاری وبا کی وجہ سے ہمیں اس سال قناعت پسندی سے کام لیتے ہوئے سادگی سے منانا ہوگا۔ میں سبھی سے اپیل کرتا ہوں کہ انتہائی احتیاط اور کووڈ کے حفاظتی ضابطوں پر عمل کرتے ہوئے عید منائیں۔

 میں تمنا کرتا ہوں کہ عیدالاضحیٰ ہماری زندگیوں میں امن، ہم آہنگی اور خوشیاں لائے۔

وزیر اعظم  نریندر مودی  نے دی مبارک باد

وزیر اعظم نریندر مودی نے عید الاضحی کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ایک ٹوئیٹ میں وزیر اعظم نے کہا; ’’عید مبارک! عید الاضحی کے موقع پر نیک خواہشات۔ خدا کرے کہ یہ دن عظیم کارِ خیر میں اجتماعی ہمدردی، ہم آہنگی اور شمولیت کے جذبے کو مزید تقویت بخشے۔‘