جموں وکشمیر،کیرل،بہارویوپی کے کچھ علاقوں میں آج منائی جارہی عید

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-05-2021
تمثیلی تصویر
تمثیلی تصویر

 

 

کیرل،جموں وکشمیراورآلہ آباد(اترپردیش)کے بعض حصوں میں آج عیدمنائی جارہی ہے۔ اسی کے ساتھ پاکستان، عرب ممالک، انڈونیشیااور ملیشیا میں بھی آج عیدالفطرمنائی جارہی ہے۔بنارس اور گھوسی ،بستی کے بعض علاقوں میں کل دیررات علمائ نے چاند ہونے کی تصدیق کے بعدعید کا اعلان کیااور عید منائی جارہی ہے،بہار کے مشرقی چمپارن کے بعض علاقوں میں عیدمنائے جانے کی خبرہے ۔

جموں وکشمیر کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات اور لاک ڈائون کے پیش نظر عید الفطر انتہائی سادگی سے منائی جارہی ہے۔ کہیں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع منعقد نہیں ہوا تاہم بعض دیہی اور دور دراز علاقوں میں لوگوں نے نماز فجر کے بعد نماز عید ادا کی جس دوران سماجی دوری کا خیال رکھا گیا۔ جنوبی ہندکے کیرل صوبے میں بھی عیدالفطرکا تہوار آج منایاجارہاہے مگرجشن کا سماں کہیں نہیں ہے۔

واضح ہوکہ کیرل میں اسی روز عیدہوتی ہے جس دن عرب ممالک میں ہوتی ہے۔ وہاں روزہ بھی ایک قبل شروع ہوگیاتھا۔ الہ آباد میں ایک طبقے نے آج عیدمنالی جبکہ مسلمانوں کو دوسراطبقہ روزہ سے ہے۔

یہاں رات گئے عید کے چاند کے ثبوت کے حوالے سے چوک جامع مسجد میں علمائے کرام کی ایک مٹینگ ہوئی۔ اس کے بعد سنی مرکزی رویت ہلال کمیٹی اورقاضی شہر مفتی شفیق احمد شریفی نے چاند نظر آنے کا اعلان رات گئے کیا۔ مفتی شہر نے لوگوں کو آڈیو اور ویڈیو کے ذریعے بتایا کہ کمیٹیوں کے ساتھ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ چاند نظر آیا ہے لہٰذاعید ہوگی۔مفتی شہر کے اعلان کے بعد شہر میں افراتفری پھیل گئی۔

اب بریلوی طبقہ عیدمنارہاہے مگر دیوبندی عیدنہیں منارہے۔ واضح ہوکہ عرب ممالک اور پاکستان کے ساتھ ساتھ ملائیشیا اور انڈونیشیا میں بھی آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔اعظم گڑھ کے گھوسی علاقے میں بعض علما نے چاند ہونے کی تصدیق کے بعد عید کا اعلان کیا جب کہ ضلع سنت کبیرنگرمیں مفتی احترحسین قادری نے چاند ہونے کی تصدیق کے بعد عید کا اعلان کیا۔

اطلاعات کے مطابق داودی بوہرہ طبقہ ایک دن قبل ہی عید منا چکا ہے.