تعلیم کسی قوم کی ترقی کے لیے بےحدضروری ہے: محبوب علی قیصر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 31-03-2022
تعلیم کسی قوم کی ترقی کے لیے بےحدضروری ہے: محبوب علی قیصر
تعلیم کسی قوم کی ترقی کے لیے بےحدضروری ہے: محبوب علی قیصر

 


آواز دی وائس،نئی دہلی

تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے رکن پارلیمنٹ اور حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق چیرمین محبوب علی قیصر نے کہاکہ پوری دنیا کا جائز ہ لیں تو آپ پائیں گے کہ جس قوم نے تعلیم کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہی قوم ترقی یافتہ کہلائی۔

یہ بات انہوں نے قومی دارالحکومت نئی دہلی کے معروف علاقہ شاہین باغ میں عائشہ ایجوٹیک پرائیویٹ لمیٹیڈ کے تعاون سے رحمان30 کی شاخ کے افتتاح موقع پر اپنے تاثرات کااظہار کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ ہمارے مذہب میں تعلیم کی کتنی اہمیت ہے اس کا اندازہ پہلی نازل ہونے والی وحی اقراء سے لگایا جاسکتا ہے۔

اسلام میں سب سے زیادہ زور تعلیم پر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ عرب قوم جو دایک معمولی سی بات پر برسوں لڑتی رہتی تھی اسلام کی آمد کے بعد مہذب بن گئی اور تعلیم کے میدان میں نمایاں کردار کیا جس سے ایک بڑے خطے پر وہ حکمراں بن گئی اور انہوں نے سائنس، جغرافیہ،الجبرا اور دیگر تعلیمی میدان میں اپنے جھنڈے گاڑے۔

جسے انگریزوں نے حاصل کیا اور وہ دنیامیں ترقی یافتہ قوم ہے اور تمام شعبوں پر ان کا دبدبہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی تہذیب پانچ ہزار سال پرانی ہے، یہاں موہن جوداڑو، ہڑپا تہذیبیں تھیں، ٹکسلا، نالندہ یونیورسٹی تھی۔انہوں نے کہاکہ جس ملک کے بچے پڑھیں گے وہی ملک ترقی یافتہ ہوگا۔

انہوں نے ملک کے نوجوانوں کو ہندوستان کی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تعلیم کے لئے حکومت کو نجی اداروں کی شراکت سے زیادہ کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔

رحمان 30 کے سربراہ آنند کمار نے کہاکہ ہم نے رحمان تھرٹی کے تعاون ایسے بچوں کو ڈاکٹر اورانجینئر بنایا ہے جو مالی طورپر انتہائی کمزور تھے۔ انہوں نے تعلیم کے حوالے سے کہا کہ باصلاحیت اور ذہین بچوں کی مالی مدد کی ضرورت ہے جو اپنا خرچ برداشت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہاکہ جس طرح شاہین باغ کا نام پوری دنیامیں ہے اب شاہین باغ رحمانی 30 کی وجہ سے بھی جانا جائے گا اور اب رحمانی تھرٹی کے طلبہ پوری دنیا میں شاہین باغ کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے بچوں میں صلاحیت کی کمی نہیں ہے بلکہ انہیں مواقع اور مدد کی ضرورت ہے۔

رحمان تھرٹی کے بانی اور سربراہ عبیدالرحمان نے کہاکہ رحمان تھرٹی کا مقصداچھی تعلیم دینے کے ساتھ اچھا انسان بھی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے معاشرے میں ڈاکٹرس، انجینئرس اور دیگر شعبوں کے ماہرین نہیں ہوں گے اس وقت ہمارا معاشرہ ترقی یافتہ نہیں بن سکتا۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد ان بچوں تک پہنچنا ہے جو صلاحیت مند ہیں، ذہین ہیں لیکن وہ تعلیم حاصل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہاکہ بچوں کو ٹسٹ کے ذریعہ ہم لیتے ہیں اور ان کا خرچہ برداشت کرتے ہیں تاکہ ڈاکٹرس، انجینئرس بن کر ملک اور قوم کی خدمت کرسکیں۔

اس موقع پرعلیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق پرو وائس چانسلربریگڈیر سیداحمد علی نے دہلی میں رحمان تھرٹی شروع کرنے کے لئے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم سے ہی قوم کی تقدیر اور تصویر بدلے گی۔

عائشہ ایجوٹیک کے منیجنگ ڈائرکٹر محمد احتشام الحق نے تمام مہمانان اورشرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارانصب العین تعلیم کو فروغ دینا ہے اور اس ادارے سے پڑھنے والے ڈاکٹرس اور انجینئرس بن کر نکلیں گے اور شاہین باغ کا نام روشن کرنے کے ساتھ ملک کے وقار کو بھی بلند کریں گے۔