دہلی میں آندھی اور بارش کا امکان

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 16-05-2022
  دہلی میں آندھی اور بارش کا امکان
دہلی میں آندھی اور بارش کا امکان

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

قومی دارالحکومت میں ریکارڈ 49 ڈگری سیلسیس درج کیے جانے کے ایک دن بعد پیر کو دھول بھری آندھی اور ہلکی بارش کے آثار ہیں جس سے اس ہفتے کی شروعات سے ہی چلچلاتی گرمی سے کچھ راحت ملنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں آج درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔

یہ اتوار کو دارالحکومت میں کچھ مقامات پر ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سے کم از کم پانچ ڈگری سیلسیس نیچے رہ سکتا ہے۔ دہلی میں آج جزوی طور پر ابر آلود آسمان، دھول بھری آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے آثر ہیں۔

بعض علاقوں میں بوندا باندی یا ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ جنوب مغربی دہلی کے نجف گڑھ اور شمال مغربی دہلی کے منگیش پور میں اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 49 ڈگری سیلسیس اور 49.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

ہریانہ اور راجستھان کی سرحد سے متصل دہلی کے علاقوں میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دہلی کے صفدرجنگ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ دارالحکومت میں مسلسل دوسرے دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے دہلی میں گرمی کی لہر میں کچھ کمی آنے کے آثار ہیں۔

ابر آلود آسمان اور گرج چمک کے ساتھ آندھی آنے سے گرمی سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔

دارالحکومت میں اتوار کو کم از کم درجہ حرارت 30.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے چار ڈگری زیادہ تھا۔ یہاں نمی کا تناسب 21 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شمال مغربی اور وسطی ہندوستان میں لو کا اثر رہے گا لیکن منگل کے بعد اس سے کچھ راحت ملنے کے آثار ہیں۔