منشیات کیس، آریان خان کو کلین چٹ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 27-05-2022
منشیات کیس، آریان خان کو کلین چٹ
منشیات کیس، آریان خان کو کلین چٹ

 

 

ممبئی/نئی دہلی: بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کورڈیلیا کروز منشیات کیس میں کلین چٹ مل گئی ہے۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو یعنی این سی بی نے اس معاملے میں چارج شیٹ داخل کی ہے، جس میں آریان اور دیگر پانچ کو کلین چٹ دی گئی ہے، ان کے نام چارج شیٹ میں نہیں ہیں، یا اس کا حصہ نہیں ہے، اس کا مطلب ہے کہ آریان کو این سی بی نے کلین چٹ دے دی ہے۔

. ایس آئی ٹی کو آرین کے خلاف ٹھوس ثبوت نہیں ملے۔ ثبوت کی کمی کی وجہ سے جن لوگوں کے نام چارج شیٹ میں شامل نہیں ہیں، ان میں آریان خان کے علاوہ اوین ساہو، گوپال جی آنند، سمیر سیگن، بھاسکر روڈا اور مانو سنگھل شامل ہیں۔

غور طلب ہے کہ این سی بی نے اس معاملے میں آریان خان سمیت دیگر 19 لوگوں کو ملزم بنایا تھا۔ آریان کو این سی بی نے 3 اکتوبر کو ممبئی کے ساحلی علاقے میں کروز شپ سے گرفتار کیا تھا۔ تاہم بعد میں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے دواور تین اکتوبر کی درمیانی رات میں ممبئی کے ساحل پر کروز جہاز پر چھاپہ مار کر مبینہ طور پر منشیات کی برآمدگی کی تھی اور متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا۔ آریان خان کو تین اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔

سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے آریان کے کیس کی پیروی کی تھی اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے الزامات کے جواب میں اپنے دلائل دیے تھے۔ بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان پہلی بار اس وقت مشہور ہوئے جب ہالی وڈ فلم ’دی لائن کنگ‘ ریلیز ہوئی۔

اب صرف 14 افراد کے خلاف کارروائی ہوگی

چارج شیٹ کے مطابق، نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) ایس آئی ٹی کو اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے کہ شاہ رخ خان کا بیٹا آریان ایک بین الاقوامی منشیات کی سمگلنگ سنڈیکیٹ کا حصہ تھا۔ این سی بی کے ڈی ڈی جی سنجے کمار سنگھ نے کہا کہ آرین اور موہک کو چھوڑ کر تمام ملزمان نشے کی حالت میں پائے گئے تھے ۔ اب 14 لوگوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ باقی چھ افراد کے خلاف عدم ثبوت کی وجہ سے شکایت درج نہیں کی جا رہی ہے۔

ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے کلین چٹ مل گئی

 این سی بی کے ڈی ڈی جی (آپریشنز) سنجے کمار سنگھ نے ایک بیان میں کہا کہ آرین اور موہک کے علاوہ تمام ملزمان سے منشیات برآمد ہوئی ہیں۔ این ڈی پی ایس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت 14 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ باقی 6 افراد کے خلاف عدم ثبوت کی وجہ سے شکایت درج نہیں کی جا رہی ہے۔

آریان نے اس فلم کے ایک کردار کو آواز دی جبکہ فلم کے ہندی ورژن کے مرکزی کردار میں شاہ رخ خان کی آواز استعمال کی گئی۔ اس کے بعد سے آریان خان کی بالی وڈ میں آمد کے حوالے سے قیاس آرائیاں ہونے لگیں تاہم ان کے والد شاہ رخ یا خود آریان کی طرف سے اس بارے میں کوئی اشارہ نہیں دیا گیا۔

شاہ رخ خان کا شمار بالی وڈ کے بڑے ستاروں میں ہوتا ہے۔ مداح اور میڈیا انھیں ’سپر سٹار‘ اور ’کنگ خان‘ جیسے القابات سے نوازتے ہیں۔

بالی وڈ کے کئی ڈائریکٹرز اور پروڈیوسر جو شاہ رخ خان کے قریبی دوست بھی سمجھے جاتے ہیں، 23 برس کے آریان خان کو بڑی سکرین پر لانچ کرنے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔ ان میں سے ایک نام کرن جوہر کا بھی ہے۔

کرن جوہر نے ایک بار کہا تھا کہ ’اگر آریان خان کو اداکاری میں کوئی دلچسپی ہے تو میں انھیں لانچ کرنا چاہوں گا۔‘ انڈیا کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے چھاپے سے پہلے بھی کچھ ایسے مواقع ضرور آئے، جب آریان خان قومی میڈیا کی خبروں کی زینت بنے۔

بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ آریان کا بالی وڈ میں ڈیبیو تقریباً 20 سال پہلے ہوا تھا۔ انھوں نے سنہ 2001 میں کرن جوہر کی فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ میں شاہ رخ خان کے بچپن کا کردار ادا کیا۔ برسوں بعد وہ فلم ’دی لائن کنگ‘ کا حصہ بنے اور اس فلم کے ایک کردار کو آواز دی۔

جون فیوریو کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 2019 میں ریلیز ہوئی اور اسے بہت زیادہ پسند کیا گیا۔ آریان خان ’یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا‘ کے گریجویٹ ہیں۔ انھوں نے ’سکول آف سنیماٹک آرٹس‘ سے فائن آرٹس، سینما آرٹس، فلم اور ٹیلی ویژن پروڈکشن میں ڈگری حاصل کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق آریان سکرین پر کام کرنے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے۔ وہ پردے کے پیچھے رہنا چاہتے ہیں اور اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ کیمرے کو سنبھالنے کی خواہش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

شاہ رخ کبھی کبھار سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر پوسٹ کرتے رہتے ہیں لیکن اپنی بیٹی سوہانہ اور چھوٹے بیٹے ابرام کے مقابلے انھوں نے شاذ و نادر ہی آریان کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ شاہ رخ خان نے ایک بار آریان خان کے بارے میں بتایا تھا کہ ’جہاں ابرام کو تصویریں کھچوانے کا شوق ہے وہیں آریان کو فوٹو کھچوانا بالکل پسند نہیں۔‘