ڈرون حملہ‘ :ہندوستان نے معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا’

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-06-2021
اقوام متحدہ میں گونج
اقوام متحدہ میں گونج

 

’ 

نئی دہلی: جموں و کشمیر کے آرمی بیس پر ڈرون حملہ کی سازش کا مسئلہ اقوام متحدہ تک پہنچ گیا ۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہندوستان نے کہا کہ اسٹریٹجک اور تجارتی اثاثوں کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کے لئے مسلح ڈرون استعمال کرنے کے خدشات پر عالمی برادری کو سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔پچھلے دو دن سے ہندوستان میں ان حملوں کے سبب سنسنی ہے،جن کی جانچ کی ذمہ داری اب نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے)کو دی گئی ہے۔

 وزارت داخلہ امور کے خصوصی سکریٹری (داخلی سلامتی) وی ایس کے کومودی نے کہا کہ آج دہشت گردی کے پروپیگنڈے اور کیڈر کی بھرتی کے لئے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ دہشت گردی کی مالی اعانت اور ادائیگی کے نئے طریقے اور کراؤڈ فنڈنگ پلیٹ فارم استعمال کیے جا رہے ہیں اور اب دہشت گرد ڈرون ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کر رہے ہیں۔جو ملک کی داخلی سیکیورٹی کےلیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔پچھلے دنوں ڈرون سے ہتھیار اور نقدی گرانے کے واقعات روشنی میں آچکے ہیں۔

 وی ایس کے کومودی نے کہا کہ کم لاگت کا آپشن ہونے کی وجہ سے دہشت گرد تیزی سے ڈرون استعمال کر رہے ہیں اور یہ آسانی سے دستیاب ہے۔ ڈرونز کے ذریعے دہشت گرد اسلحہ یا دھماکہ خیز مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ آسانی سے بھیج رہے ہیں۔ یہ پوری دنیا میں سیکورٹی ایجنسیوں کے لئے ایک خطرہ اور چیلنج بن چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دہشت گردوں کو سرحد پار سے اسلحہ کی اسمگلنگ کے لئے ڈرون استعمال کرتے ہوئے دیکھا ہے اس لئےاسٹریٹجک اور تجارتی اثاثوں کے خلاف مسلح ڈرون کے استعمال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے جا رہے ہیں۔ اجلاس کا ایجنڈا ابھی تک واضح نہیں ہے لیکن بتایا جا رہا ہے کہ یہ اجلاس ایئربیس پر ڈرون حملے اور سرحدی علاقوں میں نظر آنے والے ڈرونوں کے حوالے سے ہو سکتا ہے۔ میٹنگ میں راج ناتھ سنگھ آرمی لائیو ٹی وی کی تیاریوں کے حوالہ سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کر سکتے ہیں