ڈی آر ڈی او:شارٹ رینج اینٹی ٹینک میزائل کا کامیاب تجربہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-07-2021
اینٹی ٹینک میزائل کا کامیاب تجربہ
اینٹی ٹینک میزائل کا کامیاب تجربہ

 

 

نئی دہلی: ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے بدھ کے روز دیسی ساختہ لائٹ اینڈ شارٹ رینج اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ۔

ہلکا پھلکا ہونے کی وجہ سے اس سودیسی ’مین پورٹیبل میزائل‘ کو بغیر کسی گاڑی کے آسانی سے کہیں بھی لے جایا جاسکتا ہے اور اسے فائر کرنے کے لئے کسی میکانائزڈ لانچر کی ضرورت نہیں ہے اور کوئی بھی شخص اسے پورٹیبل لانچر کے ذریعے فائر کرسکتا ہے۔

 فائر کرواور بھول جاو‘ کے زمرے والے اس میزائل کا ہدف بے عیب ہے اور اس سے جہاں ایک طرف فوج کی فائر پاور میں اضافہ ہوگا وہیں دوسری جانب اس سے’آتم نربھر بھارت‘ کے منصوبے کو بھی تقویت ملے گی۔ آج کے ٹسٹ میں اس میزائل نے ٹینک جیسے ہدف کو درست طریقے سے نشانہ بنایا اور اسے مکمل طور پر تباہ کردیا۔ تجربہ کے دوران مشن کے تمام مقاصد کامیابی کے ساتھ پورے ہوگئے۔ اس ٹسٹ سے میزائل کی کم سے کم حدود کو ختم کرنے کی صلاحیت کی بھی تصدیق کردی۔

اس میزائل کازیادہ سے زیادہ دوری کیلئے پہلے ہی کامیابی کے ساتھ تجربہ کیا جاچکا ہے۔ یہ اینٹی ٹینک میزائل جدید ترین انفراریڈ امیجنگ سیکر اور ایویو نکس سے لیس ہے۔ اس ٹسٹ کے ساتھ ہی تیسری نسل کی ’مین پورٹیبل اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل‘ کا ترقیاتی کام آخری مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور ڈی آر ڈی او کے چیئرمین ڈاکٹر جی ستیش ریڈی نے اس کامیاب تجربہ کے لئے ڈی آر ڈی اوکے سائنسدانوں اور متعلقہ صنعت کو مبارکباد دی ہے۔