ڈی آر ڈی او کے سائنسداں کی پولیس حراست میں خودکشی کی کوشش

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-12-2021
 ڈی آر ڈی او کے سائنسداں کی پولیس حراست میں خودکشی کی کوشش
ڈی آر ڈی او کے سائنسداں کی پولیس حراست میں خودکشی کی کوشش

 

 

نئی دہلی : دہلی کی روہنی عدالت میں دھماکہ کیس کے ملزم ڈی آر ڈی او کے سائنسدان نے پولیس حراست میں خودکشی کی کوشش کی۔ پڑوسی وکیل کے قتل کی سازش میں گرفتار بھارت بھوشن کٹاریہ اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔ اسے ہفتے کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔ رات گئے اس نے زہریلی چیز کھا لی۔

پولیس نے اسے واش روم میں بے ہوشی کی حالت میں پایا۔ اس کے بعد کٹاریہ کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ وہاں سے انہیں ایمس ریفر کیا گیا۔ کٹاریہ نے 9 دسمبر کو روہنی کورٹ میں دھماکہ کیا تھا۔ ان کے گھر سے دھماکہ خیز مواد بھی ملا ہے۔ دہلی پولیس کا اسپیشل سیل اس سے پوچھ گچھ کر رہا ہے۔

سائنسداں پولیس کو گمراہ کرتا رہتا ہے۔

اسپیشل سیل کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ وہ پوچھ گچھ سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے اور پولیس کو گمراہ کرتا رہتا ہے۔ ہفتے کی رات ہم نے دیکھا کہ اس نے واش روم کے اندر کچھ پیا تھا۔ اسے اسپتال لے جایا گیا۔ اس نے کہا کہ وہ خودکشی کرنا چاہتا ہے۔

تاہم جب پولیس اہلکار اسے اسپتال میں چیک کرنے گئے تو اس نے کہا کہ اس نے کچھ نہیں کھایا۔ ہم نے ڈاکٹروں سے بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم نے ہینڈ واش پی لیا ہے۔ پیر کو سینئر ڈاکٹر ان کا معائنہ کریں گے۔