ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کا اے ایم یو کو ایک کروڑ روپئے کا عطیہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-05-2021
اے ایم یو کےلئے عطیہ
اے ایم یو کےلئے عطیہ

 

 

آواز دی وائس:نئی دہلی

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے چانسلر عزت مآب ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین نے اے ایم یو کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج اسپتال کو طبی آلات و ضروریات کے لئے ایک کروڑ روپئے کا عطیہ دیا ہے۔

فاؤلر بیڈ، آکسیجن کنسنٹریٹرس، بی پَیپ کومبو، ڈی وی ٹی پمپ اور سیرنج پمپ وغیرہ کی خریداری کے لئے یہ عطیہ دیا گیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کے مکتوب کے جواب میں عزت مآب چانسلر کے بھائی شہزادہ ڈاکٹر قائد جوہر عزالدین نے کہا”ہندوستان کووِڈ-19 کی دوسری لہر سے پیدا ہونے والے سنگین چیلنجوں کا سامنا کررہا ہے، ان حالات میں عزت مآب ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین،آپ کی اور یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ اور ان کے کنبوں کی صحت و سلامتی کے لئے دعا گو ہیں“۔

انھوں نے مزید کہا کہ علی گڑھ میں صحت عامہ کے موجودہ حالات کے تئیں اپنی فکرمندی کے تحت اور مستقبل کے خطرات سے نپٹنے کے لئے عزت مآب ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین ایک کروڑ روپئے کا عطیہ دے رہے ہیں۔ اس رقم سے متاثرین کی طبی مدد کے لئے آکسیجن کنسنٹریٹرس، بی پَیپ مشین اور دیگر ضروری طبی آلات خریدے جائیں گے۔

ڈاکٹر قائد جوہر عز الدین نے امید ظاہر کی کہ اس عطیہ سے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج اور اے ایم یو کی دیگر طبی سہولیات کو مستحکم کرنے اور مریضوں کو راحت پہنچانے میں مدد ملے گی۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس عطیہ کے لئے عزت مآب ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہا ”اے ایم یو برادری اس فراخدلی اور بروقت تعاون کے لئے عزت مآب چانسلر اور ان کی ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے“۔ انھوں نے مزید کہا کہ بحران کے اس وقت میں جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے ڈاکٹر، نرس اور نیم طبی عملہ کے دیگر اراکین نہایت تندہی اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں کووِڈ ٹیکہ کاری کے دو مراکز سرگرم عمل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر آکسیجن جنریشن پلانٹ کی تنصیب کی کارروائی بھی جاری ہے۔